Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سمندری طوفان کا خطرہ نہیں‘ سعودی عرب کے کئی علاقے سنیچر تک بارش کی زد میں

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ مملکت میں سمندری طوفان (ٹراپیکل سائیکلون) کا خطرہ نہیں، جو اکثر مشاہدے میں آتے ہیں وہ عام طور پرموسمی مظاہر سے وابستہ اثرات ہیں۔  
اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے ’سنیچر 28 مارچ تک  مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
تبوک، الجوف، حائل اور حدود الشمالیہ ریجن کے علاقوں میں وقفے وقفے سے درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے جس کا سلسلہ مدینہ منورہ کے بعض حصوں تک پھیل سکتا ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ جدہ، رابغ ، طائف اور گرد نواح کے علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
عسیر، الباحہ اور جازان کے علاقوں میں بھی جمعرات اور جمعے کو موسلا دھار بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رواں ہفتے کے اختتام تک ریاض ریجن کے مختلف علاقے بھی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے، خاص کر ریجن کے جنوبی اور مغربی اضلاع ، قصیم اور مشرقی علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں شہری دفاع کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 بیان میں کہا گیا’ سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔‘

 

شیئر: