ریاض: 13 ماہ کی باہم جڑی ہوئی فجی کی بچیوں کو الگ کر دیا گیا
جمعرات 15 اکتوبر 2026 19:40
دونوں بچیاں پیٹ اور کمر کے نچلے حصے سے جڑی ہوئی تھیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کی میڈیکل اور سرجیکل ٹیم نے جمعرات کو ریاض کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ چلڈرنز ہسپتال میں 13 ماہ کی باہم جڑی ہوئی فجی کی بچیوں کو کامیابی سے الگ کر دیا۔
ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائزر جنرل، میڈیکل اور سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا ’آپریشن نو مراحل میں کامیابی سے مکمل کیا گیا۔‘
اس آپریشن میں کنسلٹنٹس، ماہرین، تیکنیکی عملے اور نرسنگ سٹاف سمیت 34 افراد پر مشتمل ٹیم نے حصہ لیا۔ ہر مرحلے پر درستگی اور سیفٹی کی اعلی ترین سطح کو یقینی بنایا گیا۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا یہ بچیاں 21 جولائی 2026 کو مملکت پہنچی تھیں۔ طبی ٹیم نے ان کا مکمل معائنہ کیا اور ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔
دونوں بچیاں پیٹ اور کمر کے نچلے حصے سے جڑی ہوئی تھیں جبکہ ان کے جگر، آنتیں، بڑی آنت، یورینری سسٹم، تولیدی نظام اور پیلوک کی ہڈی مشترک تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فجی سے تعلق رکھنے والے باہم جڑے ہوئے بچوں کی علیحدگی کا یہ پہلا آپریشن ہے جبکہ سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کے تحت کیا جانے والا یہ 74 واں کیس ہے۔
1990 سے اب تک 35 برس کے زائد عرصے میں سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام نے پانچ براعظموں کے 28 ممالک سے تعلق رکھنے والے 159 جڑواں بچوں کے کیسز کا جائزہ لیا ہے جو سعودی عرب کے انسانی اور طبی کام میں قائدانہ کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
