فلپائنی جڑی ہوئی بچیاں سرجری کے بعد روبصحت، سعودی نگہداشت کی تعریف
فلپائنی سفیر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور بچیوں کی خیریت دریافت کی( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت میں فلپائن کے سفیر نے ریاض میں وزارت نیشنل گارڈ کے تحت کنگ عبد العزیز میڈیکل سٹی کے عبداللہ سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور فلپائنی بچیوں کی خیریت دریافت کی۔
باہم جڑی ہوئی بچیاں کلیا اور موریس این، اور اولیویا اور گیانا کو پیچیدہ آپریشن کے ذریعے کامیابی سے الگ کیا گیا تھا، چاروں اب روبصحت ہیں۔
فلپائن کے سفارتخانے نے اس عظیم انسانی انیشییٹو اور فلپائنی بچیوں کو معمول کی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنے پر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
ہسپتال کے دورے میں فلپائنی سفیر کو باہمی جڑی ہوئی بچیوں کے آپریشن اور ان کی صحت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے بچیوں کے اہل خانہ، آپریشن اور اس کے بعد کے مراحل کی نگرانی کرنے وال میڈیکل ٹیموں سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی کنجوائنڈ ٹوئنز پروگرام کی خصوصی میڈیکل اور سرجیکل ٹیم کی جانب سے بچیوں کی نگہداشت اور غیرمعمولی کوششوں کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کی طبی ٹیموں نے باہم جڑی ہوئی فلپائنی بچیوں کو الگ کرنے کے پیچیدہ آپریشن کیے جو کامیاب رہے۔
سعودی کونجوئنڈ ٹوئنز پروگرام کا آغاز 1990 میں کیا گیا تھا۔ پروگرام کے تحت اب تک پانچ براعظموں کے 28 ممالک کے 157 کیسز کا جائزہ لیا گیا جن مین 69 جڑے ہوئے بچوں کو کامیابی سے الگ کیا گیا۔ انہیں مکمل دیکھ بھال فراہم کی جس میں نفسیاتی، سماجی اور تعلیمی مدد بھی شامل ہے۔
