فلپائن کی باہم جڑی ہوئی بچیاں آپریشن کے لیے ریاض پہنچ گئیں
سعودی قیادت کی ہدایات پر فلپائن کی باہم جڑی ہوئی بچیاں ’اولیویا‘ اور ’گیانا‘ اہل خانہ کے ہمراہ پیر کو منیلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریاض پہنچ گئیں۔
الاخباریہ کے مطابق مملکت کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت ریاض کے ہسپتال میں آپریشن کیا جائے گا۔
منیلا میں سعودی سفارتخانے کے حکام نے شاہ سلمان مرکز کے تعاون سے باہم جڑی ہوئی بچیوں کی روانگی کے لیے انتظامات مکمل کیے۔
ریاض پہنچنے کے بعد بچیوں کو نیشنل گارڈ کے کنگ عبداللہ سپسشلسٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
یاد رہے سعودی عرب جڑے بچوں کو الگ کرنے کے سب سے زیادہ آپریشن کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ سعودی عرب کی ان کاوشوں کا اعتراف دنیا بھر کے ممالک اور تنظیمیں کر رہی ہیں۔

1990 سے اب تک اس طرح کے کامیاب آپریشنوں میں سعودی عرب نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
35 برسوں کے دوران سعودی عرب میں 28 ممالک کے 67 جڑے ہوئے بچوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا جا چکا ہے۔
