بم کی دھمکی کے بعد تل ابیب سے ویانا جانے والی پرواز کا رخ تبدیل، بلغاریہ میں ہنگامی لینڈنگ
بم کی دھمکی کے بعد تل ابیب سے ویانا جانے والی پرواز کا رخ تبدیل، بلغاریہ میں ہنگامی لینڈنگ
پیر 19 اکتوبر 2026 8:23
پرواز میں 51 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے: فوٹو اے ایف پی
تل ابیب سے ویانا جانے والے آسٹرین ایئرلائنز کی ایک مسافر طیارے نے بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
بلغاریہ کے حکام اور ایئرلائن کے مطابق اتوار کو طیارے کے عملے نے رومانیہ کے قریب پہنچنے پر بم کی دھمکی کی اطلاع ملنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بلغاریہ کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق طیارے کے بحفاظت اترنے کے بعد تمام مسافروں کو باہر نکال لیا گیا۔
وزارت کے مطابق بلغاریہ کی فضائیہ نے طے شدہ حفاظتی طریقۂ کار کے تحت ایک مگ 29 لڑاکا طیارہ بھی پرواز کی نگرانی اور اسے حفاظتی حصار فراہم کرنے کے لیے روانہ کیا گیا۔
آسٹرین ایئرلائنز نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ پرواز میں 51 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔
ایئربس اے 320 طیارے کے صوفیہ میں بحفاظت اترنے کے تقریباً نصف گھنٹے بعد اس کی مکمل تلاشی لی گئی۔
ایئرلائن کے مطابق طیارے کی تلاشی مکمل ہونے کے بعد مسافروں کو جلد از جلد متبادل پروازوں کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
طیارے نے رومانیہ کی فضائی حدود سے واپسی کا رخ کیا
پروازوں کی نگرانی کرنے والے پلیٹ فارم فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا کے مطابق، رجسٹریشن نمبر OE-LZE رکھنے والے طیارے نے رات تقریباً 9 بج کر 10 منٹ پر رومانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد جنوب کی جانب رخ کیا اور واپس بلغاریہ کی طرف آ گیا اور اس نے صوفیہ میں لینڈنگ کی۔
ایک اور فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم، اے ڈی ایس بی ایکسچینج کے ڈیٹا کے مطابق، اسی وقت طیارہ ہنگامی صورت حال کے لیے مخصوص سکواک کوڈ 7700 بھی نشر کر رہا تھا۔
بلغاریہ کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ واقعے سے نمٹنے کے لیے ایک کرائسس رسپانس ٹیم قائم کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حالیہ دنوں میں پروازوں کو سکیورٹی الرٹس کے واقعات
فلائی دبئی کے ایک عمانی معاون پائلٹ نے طیارے کو بین گوریون ایئرپورٹ کے ایک ٹرمینل سے ٹکرانے کی منصوبہ بندی کی تھی: فوٹو روئٹرز
گذشتہ ماہ کے آخر میں بھی دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق معاون پائلٹ نے کپتان پر حملہ کیا اور مبینہ طور پر طیارے کو جان بوجھ کر تباہ کرنے کا منصوبہ بنایا تاہم کپتان، مسافروں اور عملے نے اسے روک دیا۔
اسی طرح گذشتہ ہفتے کروشیا اور جرمنی نے یونان کے سیاحتی جزیرے کورفو سے جرمن شہر نیورمبرگ جانے والی ایک کمرشل پرواز کی جانب سے غلطی سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا الرٹ جاری کیے جانے کے بعد اپنے لڑاکا طیارے روانہ کیے تھے۔