پہاڑی شہد اور تاریخی طرزِ تعمیر کے لیے مشہور سعودی عرب کا رجال المع
سیڑھی دار کھیتوں اور پتھر سے بنی تعمیرات کا منفرد سنگم ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سروات کے پہاڑوں سے تھامہ کے ساحلی میدانوں سے اترتے ہوئے دشوار گزار ڈھلوانوں پر پھیلی ہوئی عسیر ریجن کی کمشنری رجال المع اپنے قدرتی مناظر، سیڑھی دار کھیتوں اور صدیوں پرانی پتھر سے بنی تعمیرات کا منفرد سنگم ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اگست سے اکتوبر کے دوران موسم برسات کے ساتھ علاقے کا حسن مزید نکھر جاتا ہے۔ پہاڑی ڈھلوانیں سر سبز و شاداب ہو جاتی ہیں اور سیڑھی دار کھیتوں میں نئی زندگی دیکھنے کو ملتی ہے۔
رجال المع کمشنری کی شناخت کا مرکز رجال المع ہیریٹیج ویلج ہے جو مقامی پتھروں، مٹی اور لکڑی سے تعمیر کیے گئے قدیم کثیر المنزلہ مکانات کے لیے مشہور ہے۔ عمارتوں کے بیرونی حصوں پر سفید پتھر بھی استعمال کیے گئے ہیں جو اسے دیگر تعمیرات سے منفرد بناتا ہے۔
یہ عمارتیں نہ صرف قدیم فنِ تعمیر کی عکاس ہیں بلکہ علاقے کے لوگوں کے رہن سہن، سماجی زندگی اور زرعی سرگرمیوں کی تاریخ بھی بیان کرتی ہیں۔
اس علاقے کی شناخت میں قدرتی حسن کے ساتھ شہد کی پیداوار اور روایتی زراعت کو بھی اہم مقام حاصل ہے۔ علاقے کی متنوع نباتات، پہاڑی ماحول اور وادیاں شہد کی مکھیوں کی افزائش کے لیے سازگار ہیں۔

مقامی شہد اور اس سے متعلق مصنوعات سیاحوں کو علاقے کی دیہی ثقافت اور روایتی پیشوں سے روشناس کراتی ہیں۔
’کوخ العسل‘ (ہنی ہٹ) جیسے مقامات شہد کی مقامی مصنوعات کے تعارف اور قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

یہاں کے کھیت، موسمی پھل، روایتی پکوان، مقامی بازاراور دستکاریاں بھی سیاحتی تجربے کا حصہ ہیں۔ بارشوں کے بعد سرسبز مقامات، قدیم قلعے اور پتھریلے مکانات مل کر ایسا منظر پیش کرتے ہیں جہاں قدرت، تاریخ، زراعت اور مقامی ثقافت ایک دوسرے سے جڑے دکھائی دیتے ہیں۔

رجال المع کی یہ خصوصیات اسے محض قدرتی مناظرکی سیر تک محدود نہیں رکھتیں بلکہ دیہی اور زرعی سیاحت کے لیے بھی ایک پرکشش مقام بناتی ہیں۔
