Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2027: پاکستان میں پرائیویٹ سکیم کے تحت 80 فیصد نشستوں کی بکنگ مکمل

واجبات کی مد میں 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کرائے گئے ہیں ( فائل فوٹو)
پاکستان میں حج 2027 کے لیے سرکاری سکیم کے تحت بکنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پرائیویٹ سکیم میں درخواستوں اور بکنگ کے عمل میں تیزی آ ئی ہے۔
پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک 80 فیصد نشستوں کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 15 ہزار نشستیں باقی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین حج نے واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے جمع کروا دیے ہیں۔
 ترجمان نے واضح کیا کہ رواں سال پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل پر موجود تمام پرائیویٹ حج پیکیجز میں عازمین حج کے لیے قربانی کی رقم پہلے سے شامل ہے جس کی مالیت 55 ہزار روپے فی کس ہے۔
 وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین کو ہدایت کی کہ وہ بکنگ اور واجبات کی ادائیگی 20 نومبر سے قبل مقررہ ڈیجیٹل ذرائع سے کریں تاکہ  شفافیت برقرار رہے اور حج انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
اس سے قبل سرکاری حج سکیم کے تحت واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کے لیے عازمین حج کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔

 

شیئر: