سعودی عرب کا یمن کے لیے انسانی ہمدردی کے نئے منصوبوں کا اعلان
منگل 27 اکتوبر 2026 22:18
یمن میں 34 لاکھ سے زائد افراد اس نئے پیکیج سے فائدہ اٹھائیں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی کنگ سلمان سینٹر نے منگل کو انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے ایک نئے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ یمن میں 34 لاکھ سے زائد افراد اس نئے پیکیج سے فائدہ اٹھائیں گے۔
ان اقدامات میں ہنگامی غذائی امداد، رہائش، صاف پانی اور ہیلتھ کیئر شامل ہیں۔ اس کے ساتھ 100 سعودی رضا کارانہ پروگراموں کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ اس سے مزید دو لاکھ 65 ہزار افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
اس پیکیج کا اعلان یمن کی صدرتی قیادت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رشاد العلیمی کے ریاض میں کنگ سلمان سینٹر کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر رشاد العلیمی نے اپنے وفد کے ہمراہ ریاض میں سعودی امدادی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ مرکز کے نگرانِ اعلی اور ایوان شاہی کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایس پی اے کے مطابق یمنی صدر نے سعودی کی قیادت میں مملکت کی جانب سے یمن کے لیے فراہم کی جانے والی امداد پر یمنی عوام کی جانب سے تشکر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا سعودی امدادی ایجنسی اور سعودی پروگرام برائے ترقی و تعمیرِ نو یمن کے ذریعے فراہم کی جانے والی امداد یمن کے تمام علاقوں اور عوام کے مختلف طبقات تک بلا امتیاز پہنچائی جا رہی ہے۔

یمنی صدر نے یمن سعودی عرب کے پروگرام ’مسام‘ کی بھی تعریف کی جس کے تحت یمن کے علاقوں کو باروری سرنگوں سے صاف کیا جا رہا ہے جو حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی ہیں۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ یمن ہمیشہ سے مرکز کی اولین ترجیح رہا ہے۔ انسانی مشکلات کم کرنے کے لیے اب تک 4.8 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے 1238 منصوبے نافذ کیے جاچکے ہیں جبکہ ان منصوبوں میں 362 اقوام متحدہ کے اداروں اور بین لاقوامی و مقامی تنظیموں نے تعاون کیا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا گزشتہ 10 برسوں کے دوران یمن کی معاونت کرنے والے ممالک میں سعودی عرب سرفہرست رہا ہے۔ مختلف شعبوں میں کی گئی امداد 29 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

یمن میں ریاست کی بحالی کے لیے شروع کیے جانے والے آپریشن ’فجرالیمن‘ کے آغاز کے ساتھ سعودی قیادت نے ہدایت دی کہ یمن کے تمام علاقوں، بالخصوص نقل مکانی سے متاثرہ اور زیادہ ضرورت مند آبادیوں کے لیے انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے۔
اس موقع پر یمنی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کو پریزنٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب نے 175 ممالک کو 145 ارب ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔ ان میں شاہ سلمان مرکز کے منصوبے شامل ہیں جن کی تعداد 113 ممالک میں 4 ہزار 525 ہے اور ان مجموعی لاگت 8 ارب 638 ملین ڈالر سے زائد ہے۔

ان امدادی منصوبوں میں یمن سرفہرست ہے جہاں سعودی امدادی ایجنسی نے 4 ارب 821 ملین ڈالر سے زائد لاگت کے 1238 منصوبے نافذ کیے ہیں۔ ان میں تعلیم، صحت، غذائی تحفظ اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔
بعد ازاں یمنی صدر کی موجودگی میں نئے امدادی و فلاحی منصوبوں اور آئندہ کے لیے یمن کے مختلف گورنریٹس میں شروع کیے جانے والے 100 رضاکارانہ پروگراموں کا افتتاح کیا گیا۔
