Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی: پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب

صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔( فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں منگل 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی اور سعودی عرب کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر سید محمد فواد شیر کے علاوہ کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود احمد پوری، جموں و کشمیر اوورسیز کمیٹی کے چیئرمین عارف مغل نے خطاب کیا۔
قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) اور سعودی حکومت کی مسلسل سپورٹ کو سراہا۔ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ وہ حق ہے جس کا وعدہ بین الاقوامی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے کیا تھا۔‘
مقررین نے انڈیا کے زیر کنٹرول کشمیر میں عوام کی ابتر صورتحال اور اس دن کی تاریخی اہمیت اجاگر کی۔ انڈین فورسز کے مظالم خصوصا پانچ اگست 2019  کے بعد کے واقعات کی مذمت کی گئی۔
انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر پر اپنے منصفانہ اور اخلاقی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 
اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں کشمیر میں جاری بین الاقوامی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر طلحہ الکشمیری کی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔ (چنار کے درختوں کے درمیان) کے عنوان سے یہ کشمیر پر عربی زبان میں لکھے جانے والا پہلا ناول ہے۔
ڈاکٹر طلحہ الکشمیری جو مملکت میں مقیم کشمیری نژاد پاکستانی ہیں، نے اس منفرد ادبی تخلیق کے حوالے سے اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ناول کا مقصد نئی نسل کو کشمیر کے حالات، ثقافت اور وہاں کے مصائب کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے اپنے دستخط کے ساتھ کتاب شرکا میں تقسیم کی۔ تقریب کا اختتام کشمیری عوام کی آزادی کی جائز جدو جہد کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔

 

شیئر: