غیر ملکی کارکنان کے لیے نئی سہولت: ’گوسی‘ کی ویب سائٹ اور ایپ میں اردو سمیت سات زبانیں شامل
غیر ملکی کارکنان ڈیجیٹل خدمات تک بہتر رسائی حاصل کرسکیں گے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس ( گوسی) نے اپنی ویب سائٹ اور ایپ میں سات نئی زبانیں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ان صارفین کی مدد کے لیے کوششوں کا حصہ ہے جو عربی یا انگریزی زبان نہیں بولتے تاکہ وہ ڈیجیٹل خدمات تک بہتر رسائی حاصل کرسکیں۔
ایکس اکاؤنٹ پر بیان کے مطابق سات نئی زبانوں میں اردو، بنگالی، فلپائنی، ہندی، سنہالی، نیپالی اور انڈونیشی شامل ہیں۔
اس اقدام کا مقصد ان زبانوں کے بولنے والوں کو زیادہ آسان اور یوزر فرینڈلی ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنا ہے۔ صارفین کسی مترجم کے بغیر اپنا سوشل انشورنس ریکارڈ خود چیک اور مینیج کر سکتے ہیں۔
انہیں ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے اور اپنی مادری زبان میں انشورنس سے متعلق حقوق اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کے قابل بنانا ہے۔ اس سے متعلقہ طریقہ کار اور درخواستوں کی تکمیل میں بھی آسانی ہوگی۔
سعودی جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس ( گوسی) سعودی حکومت کا اہم ادارہ ہے جو سرکاری اور نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کو سماجی تحفظ اور انشورنس فراہم کرتا ہے۔
ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے مملکت میں مقیم لاکھوں غیر ملکی تارکین سوشل انشورنس کے حقوق، واجبات اور ڈیجیٹل سروسز تک آسان رسائی فراہم کی گئی ہے۔
