سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ کی ملاقات، علاقائی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال
مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کیے گیے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو ریاض میں کویت کے ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور کویت کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کیے گیے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال، کشیدگی کو کم کرنے، سلامتی اور استحکام کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ مملکت پر حوثیوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ملکوں کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔
مملکت کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملوں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی سلامتی اور استحکام کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہری علاقوں اور انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنانے کے حملے مسلسل جاری ہیں۔

قبل ازیں کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح بدھ کو سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے ان کا خیرمقدم کیا۔
