سعودی نیشنل سینٹر آکشن: تین فالکن 3 لاکھ 69 ہزار ریال میں فروخت
مجموعی فروخت کی مالیت ایک ملین ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں نیشنل سینٹر فار فالکنز آکشن 2026 میں دسویں رات تین فالکن 3 لاکھ 69 ہزار ریال میں فروخت کیے گئے۔
ایس پی اے کے مطابق اس سیشن میں فالکنز کی مجموعی فروخت کی مالیت ایک ملین ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔
پہلے ینگ پیریگرین فالکن جسے حرض کے علاقے سے پکڑا گیا تھا، کی بولی 50 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور اسے ایک لاکھ 18 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔
جبکہ دوسرے فالکن کی بولی جسے رفحا سے پِکڑا گیا، 50 ہزار ریال کی ابتدائی بولی کے بعد ایک لاکھ 71 ہزار ریال میں نیلام کیا گیا۔
اس رات کا اختتام ایک اور ینگ پیریگرین فالکن کی نیلامی پر ہوا جسے عرعر کے قریب الحماد کے علاقے سے پکڑا گیا، اسے 80 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔
تینوں فالکنز کی مجموعی رقم اس سیزن کے سب سے مہنگے فالکن کی قیمت سے کم رہی۔ اس سیزن کی آٹھویں رات ایک ینگ ہیریگرین فالکن 3 لاکھ 75 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا تھا۔

اس فالکن کو عرعر کے علاقے سے پکڑا گیا تھا۔ اس کی ابتدائی بولی ایک لاکھ 10 ہزار ریال لگائی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ایک اور ینگ پیریگرین فالکن دو لاکھ 21 ہزار ریال میں نیلام کیا گیا۔
یاد رہے گزشتہ سیزن میں ایک ینگ فالکن چار لاکھ ریال میں نیلام کیا گیا تھا جو ایک ریکارڈ ہے۔
یہ نیلامی مملکت میں نقل مکانی کے دوران پکڑے جانے والے فالکنز تک محدود رہی۔ پورے سیزن کے دورران نیشنل سیٹر فار فالکنز کی جانب سے مقامی فالکن ٹریپرز کو لاجسٹک مدد فراہم کی جاتی ہے۔

یہ سینٹر مملکت میں پکڑے گئے فالکنز کو وصول کرتا ہے اور ان کی نیلامی کا اہتمام کرتا ہے۔
سعودی عرب میں ہر سال اکتوبر کی آمد کے ساتھ حدود الشمالیہ میں فالکنری کے شوقین افراد فالکنز کے شکار کے سیزن کا انتظار کرتے ہیں۔ اس سیزن کو ’الطرح‘ کہا جاتا ہے۔
