کے ایس ریلیف کی جانب سے یمن میں خوراک کی تقسیم اور صاف پانی کی فراہمی
جمعرات 29 اکتوبر 2026 13:30
ابین گورنریٹ میں 380 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر) نے یمن میں ہنگامی امدادی منصوبے کے حصے کے طور پر گزشتہ روز ابین گورنریٹ میں 380 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں جن سے 2081 افراد پر مشتمل 380 خاندانوں نے فائدہ اٹھایا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ امداد سعودی عرب کی جانب سے کے ایس ریلیف کے ذریعے دنیا بھر کی متاثرہ اور ضرورت مند برادریوں اور ممالک کی مدد کے لیے شروع کیے گئے امدادی اور انسانی منصوبوں اور پروگراموں کے سلسلے کا حصہ ہے۔
اُدھر کے ایس ریلیف کی جانب سے یمن کے عدن گورنریٹ میں ہنگامی امدادی منصوبے کے تحت متاثرہ اور بے گھر خاندانوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا اور پانی ذخیرہ کرنے کے 454 کنٹینرز تقسیم کیے جس سے 350 خاندانوں کے 2450 افراد کو فائدہ پہنچا۔
یہ امدادی اقدامات پینے کے صاف پانی تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے جاری ہنگامی منصوبے کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب یمن کے لحج گورنریٹ کے متعدد کیمپوں میں بے گھر افراد اور متاثرہ مقامی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا۔

پینے کے پانی تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیے گئے ہنگامی امدادی منصوبے کے تحت اس امداد سے 691 خاندانوں کے 3976 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
