سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات
جمعرات 29 اکتوبر 2026 11:48
ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور خطے کے اقتصادی امکانات کے تحفظ کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔ (فوٹو: وزارت خزانہ)
سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سے وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جمعرات کو وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، علاقائی صورتِ حال اور جاری تنازعات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ملکی معیشت میں استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی کی صورتِ حال میں بہتری اور عالمی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کو اجاگر کیا۔
انہوں نے عالمی سرمایہ منڈیوں میں پاکستان کی واپسی کا ذکر کرتے ہوئے تین ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے اجرا اور چین کی سرمایہ منڈی تک رسائی کے اقدامات کا حوالہ دیا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے زراعت، معدنیات و کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا اور مشترکہ ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ، باہمی اعتماد اور احترام پر قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور خطے کے اقتصادی امکانات کے تحفظ کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کے تزویراتی جغرافیائی محلِ وقوع اور علاقائی تجارت و راہداری کے مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
