شاہی فرمان: ڈاکٹرعبدالمحسن بن محمد المعیوف دیوان المظالم میں عدالتی امور کے نائب صدر مقرر
جمعرات 29 اکتوبر 2026 20:06
ڈاکٹرعبدالمحسن دیوان مظالم میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو ایک شاہی فرمان کے ذریعے ڈاکٹرعبد المحسن بن محمد المعیوف کو دیوان المظالم ( بورڈ آف گریونیسز) میں عدالتی امور کے نائب صدر کے عہدے پر تعینات کیا ہے۔
ڈاکٹرعبد المحسن بن محمد المعیوف فقہ اور تقابلی عدالتی نظام میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھتے ہیں۔ وہ دیوان مظالم میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
اس سے قبل وہ بورڈ کے ٹیکنیکل افیئرز آفس کے سربراہ رہے۔ مختلف سرکاری و نگران کمیٹیوں کے رکن بھی رہے ہیں۔
ڈاکٹرعبدالمحسن نے مسودہ قوانین، ریگولیشنز اور ایگریمنٹس کے جائزے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ متعدد مقامی و بین الاقوامی قانونی کانفرنسوں میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
یہ تقرری ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب سعودی عرب اپنی انتظامی عدلیہ کے نظام کو مضبوط بنانے، ادارہ جارتی کارکردگی کو بہتر کرنے اور حقوق کے تحفظ کو مزید موثر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
