ریاض میں حوثی میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک زخمی، گھر اور گاڑی کو نقصان
جمعے کی صبح مغربی ریجن میں ایک کروز میزائل مار گرایا گیا۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ ریاض میں انٹرسیپٹ کیے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ایک گھر اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔
ایس پی اے کے مطابق ملبہ گرنے کی اطلاع پر سول ڈیفنس کی ٹیموں نے کارروائی کی اور معیاری طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔
یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان نے بتایا جمعرات کی شام حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا جبکہ جمعے کی صبح مغربی ریجن کی جانب داغے جانے والا ایک کروز میزائل مار گرایا گیا۔
اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس نے جمعرات کی شام ریاض، نجران اور الخرج میں ممکنہ خطرے کے الرٹ جاری کیے۔
الرٹ جاری کیے جانے کے تقریبا 20 منٹ بعد تینوں علاقوں میں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا گیا۔
یہ حملے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں شہری مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون استعمال کرنے کی تازہ ترین کوشش ہے۔
عرب اتحاد نے بدھ کو کہا تھا کہ اس نے طائف کی جانب داغے گئے ایک حوثی بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا۔
جبکہ منگل کی شام ریاض میں انٹرسیپٹ کیے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک عمارت، تعمیراتی سائٹ اور گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری حوثی ملیشیا کے حملوں میں مملکت کے ایئرپورٹس، انرجی انفرا سٹرکچر اور مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
10 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے مہلک میزائل حملے میں 13 افراد جان سے گئے جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
