فالکنز نیلامی، تین باز 5 لاکھ 80 ہزار ریال میں فروخت
جمعہ 30 اکتوبر 2026 19:10
نیلامی میں نقل مکانی کرکے آنے والے بازوں کو پیش کیا جاتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
نیشنل سینٹر فار فالکنز کے زیر اہتمام بازوں کی نیلامی کی 12 ویں شب تین شاہین مجموعی طورپر 5 لاکھ 80 ہزار ریال میں فروخت ہوئے۔
سبق نیوز کے مطابق بازوں کی نیلامی میں پہلا باز ’البرازی‘ ایک لاکھ 90 ہزار ریال میں فروخت ہوا، اسے سعودی شہری صالح العوفی نے پکڑا تھا۔
دوسرا باز’سماح‘ کی بولی 90 ہزار ریال پر ختم ہوئی اسے حفر الباطن سے 8 افراد نے مشترکہ کوششوں سے پکڑا تھا۔ تیسرا شاہین ’الشبعان‘ اسے جنوبی املج سے لایا گیا تھا، اس کی بولی کا آغاز ایک لاکھ 50 ہزار ریال سے ہوا اور 3 لاکھ 60 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔ سال رواں کی نیلامی میں فروخت ہونے والا دوسرا مہنگا ترین شاہین تھا۔
نیشنل سینٹر فار فالکنز کے نیلامی ضوابط کے مطابق نقل مکانی کرکے آنے والے ان بازوں کو نیلامی میں پیش کیا جاسکتا ہے جو رواں سیزن کے دوران دیگر خطوں سے نقل مکانی کرکے مملکت آتے ہیں، تاہم ’قرناس شاہین اور صقر حر‘ کو ان کی نسلوں کے تحفظ کے پیش نظر نیلامی میں شامل نہیں کیا جاتا۔
خیال رہے نیشنل سینٹر کی جانب سے باز پکڑنے اور نیلامی کے لیے پیش کرنے والے شکاریوں کو سیزن کے دوران متعدد سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ مختلف علاقوں میں مرکز کی ٹیمیں بازوں کے شکاریوں سے باز وصول کرتی ہیں، جبکہ ان کی نیلامی کے مقام تک آمد و رفت اور رہائشی اخراجات بھی سینٹر کی جانب سے ادا کیے جاتے ہیں۔ نیلامی کا سلسلہ 30 نومبر تک جاری رہے گا۔