جدہ کورنِش سرکٹ دنیا کا تیز ترین سٹریٹ فارمولا ون ٹریک کیسے بنا؟
ٹریک پر گاڑیوں کی اوسط رفتار 252.8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کورنِش سرکٹ دنیا کے تیز ترین فارمولا ون سٹریٹ ٹریک کے طور پر معروف ہے۔ اس کے ڈیزائن میں طویل سٹریٹ ٹریک اور ہموار موڑ شامل ہیں۔
ٹریک پر گاڑیوں کی اوسط رفتار 252.8 کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ انتہائی رفتار زیادہ سے زیادہ رفتار 322 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ پھیلا ہوا یہ 6.174 کلو میٹر طویل سرکٹ جرمن انجینیئر ہرمن تلکے اور ان کی ٹیم نے فارمولا ون کی موٹر سپورٹس ٹیم کے تعاون سے ڈیزائن کیا تھا۔
سرکٹ میں مجموعی طورپر 27 موڑ ہیں جن میں 16 بائیں اور 11 دائیں جانب ہیں۔ اسے انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن کی جانب سے گریڈ ون لائسنس بھی جاری کیا گیا ہے۔

جدہ کورنِش سرکٹ کی تعمیر اور تیاری کا کام تقریبا سات ماہ میں مکمل کیا گیا جبکہ سال 2021 میں پہلی مرتبہ یہاں سعودی عربین پری فارمولا ون کے مقابلوں کی میزبانی کی گئی۔ رات کے وقت ریس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سرکٹ میں 2 ہزار سے زائد لائٹنگ یونٹس نصب ہیں۔
سرکٹ میں ماضی کے مقابلوں میں استعمال ہونے والے ہوا کے مزاحمتی نظام (ڈی آر ایس) کے لیے مخصوص زونز بھی موجود ہیں جبکہ اس کا منفرد ڈیزائن ڈرائیوروں کو ایک دوسرے سے آگے نکلنے اور سخت مقابلے کے مزید مواقع فراہم کرتا ہے۔

جدہ کا یہ ٹریک عالمی موٹرسپورٹس کے نمایاں ترین مراکز میں شمار ہوتا ہے اور اس نے شہر کو بین الاقوامی موٹر سپورٹس کے نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
