بارش، ہریالی اور بادلوں کا مسکن، الباحہ میں جبلِ نیس کا دلکش نظارہ
جبل نیس قلوہ کمشنری میں سطح سمندر سے 1930 میٹر کی بلندی پر واقع ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی قلوہ کمشنری میں سطح سمندر سے 1930 میٹر کی بلندی پر واقع جبل ’نیس‘ ایک منفرد اور تاریخی مقام ہے۔
یہ قدرتی مقام اپنے گرینائٹ پہاڑوں، قدرتی غاروں اور گھنی ہریالی کی وجہ سے معروف ہے۔
ایس پی اے کے مطابق آثار قدیمہ کےمحقق ڈاکٹر احمد بن قشاش الغامدی نے بتایا جبل نیس قبیلہ بالخزمر کے علاقے میں واقع ہے جو اپنی سفید چٹانوں، وسیع وعریض غاروں اور بھرپور بارش کے لیے مشہور ہے بارش کے پانی سے یہاں کے ندی نالے سیراب ہوتے ہیں۔
ہر وقت بادلوں سے ڈھکے رہنے اور بارش کے بعد چاروں طرف پھیلی ہریالی کی وجہ سے یہ مقام سیاحوں، فوٹو گرافروں اور فطرت کے شوقین افراد کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
اپنے بھر پور حیاتیاتی تنوع اور دشوار گزار راستے مہم جوئی، ٹریکنگ اور تحقیقی کاموں کےلیے بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کے ارد گرد واقع قدیم دیہات اور زرعی وادیاں ہیں جو علاقے کے اصل دیہی ورثے کو سنبھالے ہوئے ہیں۔ یہاں سیاح خوبصورت مناظر کے درمیان علاقائی ثقافت اور طرزِ زندگی کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔

یہ پہاڑ نہ صرف قدرتی اور دیہی سیاحت بلکہ آثارِ قدیمہ، جغرافیہ اور لسانیات کے محققین کے لیے بھی اہم ہے۔ جبل نیس قدرتی حسن، مقامی ثقافت اور تاریخی ورثے کا ایسا حسین امتزاج ہے جو الباحہ ریجن کی سیاحتی کشش میں اضافے کا باعث بھی ہے۔
