Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج خدمات: 93 فیصد اطمینان کی شرح حاصل کرلی، توفیق الربیعہ

70 ملین سے زائد افراد نسک ایپلی کیشن کو استعمال کررہے ہیں۔ ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے 93 فیصد اطمینان کی شرح حاصل کرلی۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے 2019 میں شروع کیے جانے والے پیلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے اہم مقاصد حرمین شریفین تک زائرین کی رسائی کو آسان اور فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ میں چھٹی حج و عمرہ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ’نسک پلیٹ فارم اور ایپلی کیشن زائرین کے سفر کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل گیٹ وے بن چکے ہیں۔‘
’دنیا بھر میں 70 ملین سے زائد افراد اس ایپلی کیشن کو استعمال کررہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم حج و عمرہ کے مناسک کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعدد ڈیجیٹل خدمات پیش کرتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا ’حج ود آؤٹ لیگیج‘ اینیشیٹیو کے تحت گزشتہ حج سیزن میں تقریبا 2.9 ملین بیگ ہینڈل کیے گئے جس سے ایئرپورٹ پر چیک ان اور سفری کارروائیوں کا وقت دو گھنٹے سے کم ہو کر پندرہ منٹ رہ گیا ہے۔‘
 وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام ’مکہ سے دنیا تک‘ کی تھیم کے تحت حج کانفرنس و نمائش کا انعقاد پِلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ 
افتتاحی تقریب میں شاہی شخصیات، حج وفود کے سربراہوں اور دنیا بھر سے حج دفاتر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کانفرنس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔
نائب گورنر مکہ ریجن نے کانفرنس کے افتتاح کے بعد نمائش کا دورہ کیا۔ عازمین کی خدمات کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، سمارٹ سلوشنز کا جائزہ لیاِ۔ انہوں نے سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے کانفرنس کے شرکا کا ان کے دوسرے گھر سعودی عرب میں خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کانفرنس میں 150 سے زائد  ملکوں اور 520 سے زیادہ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے نمائندوں کی شرکت کر رہے ہیں۔
یہ عالمی اجتماع حج خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے، انتظامی استعداد بڑھانے اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تجربات اور جدید حل کے تبادلے کا اہم پلیٹ فارم ہوگا۔

 

شیئر: