وادی طفشہ جازان میں ماحولیاتی سیاحت کا نیا مرکز
سیاحت مہم جوئی اور فوٹو گرافی کے لیے قدرتی مقامات موجود ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں پہاڑی علاقوں، وادیوں اور میدانوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات، مہم جوئی اور فوٹو گرافی کے لیے قدرتی مقامات موجود ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ریجن کے دیہی علاقے خاص طور پر نمایاں ہیں جہاں منفرد ارضیاتی ساختیں، قدرتی نباتات اور بارش کے بعد بدلتے ہوئے دلکش مناظر سیاحوں کو تفریح اور فوٹو گرافی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ یہ مقامات جازان کے منفرد جغرافیائی اور ماحولیاتی وسائل کی بھی بھر پور عکاسی کرتے ہیں۔
ان پرکشش مقامات میں بیش کمشنری کے ’مرکز الحقو‘ میں واقع وادی طفشہ بھی ہے۔ یہ وادی ناہموار پہاڑی علاقے، زرعی میدانوں، ارضیاتی تشکیلات اور جنگلی درختوں کا امتزاج ہے۔
وادی کا راستہ چٹانی ساختوں اور جنگلی درختوں کے درمیان سے ہو کر گزرتا ہے۔ ارد گرد پھیلے دیہی مناظر سیاحوں کو اس علاقے کی جغرافیائی اور سیاحتی خصوصیات کے اہم پہلو سے روشناس کراتے ہیں۔
وادی تک آنے والے راستے پر سفر کے دوران اس مقام کی خوبصورتی بتدریج واضح ہونے لگتی ہے۔ پہاڑی ڈھلوانوں پر بنے ہوئے دیہات سے گزرتے ہوئے کھیتوں اور کھلے میدانوں سے نکل کر جب سیاح آگے بڑھتے ہوئے اس مقام پر پہنچتے ہیں جہاں دونوں جانب چٹانیں اور وسیع سبزہ زاروں کے حسین نظارے ان کا استقبال کرتے ہیں۔

برسات کے موسم میں وادی طفشہ کی خوبصورتی مزید نکھر جاتی ہے۔ پہاڑی نالوں سے بہتا ہوا پانی اور سبزے سے ڈھکے ہوئے وادی کے کنارے، یوں وادی کے ساتھ پھیلی چٹانوں اور نباتات کے رنگ ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوکردلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔
آبرآلود موسم اس منظر کو مزید منفرد بنا دیتا ہے۔ اسی وجہ سے صحرائی اور زمینی سیاحت کے شوقین افراد اور فوٹوگرافی کے دلداہ یہاں کھنچے چلے آتے ہیں۔
فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے کہیں فلک بوس چٹانیں، پانی اور درخت توجہ کا مرکز ہیں تو کہیں وسیع پہاڑی ڈھلوانوں سے میدانوں تک پھیلا ہوا خوبصورت علاقہ ان کا منتظر رہتا ہے۔

وادی کے گرد واقع زرعی زمینیں اس مقام کی کشش میں ایک اور پہلو کا اضافہ کرتی ہیں۔ الحقو کا علاقہ مکئی، باجرہ، تل، کھٹے (سٹریس) پھلوں کی کاشت کے لیے مشہور ہے۔
اس طرح یہ علاقہ مقامی آبادی اور زمین کے وسائل کے درمیان قائم قدیم اور مسلسل تعلق کو بھی نمایاں کرتا ہے جبکہ وادیوں نے یہاں زرعی سرگرمیوں کے استحکام اور تسلسل میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
جغرافیائی حوالے سے ’وادی طفشہ‘ بیش کمشنری کی معاون وادیوں میں سے ایک ہے اور ان آبی گزرگاہوں کے نظام کا حصہ ہے جو پہاڑی علاقوں سے اترنے والے سیلابی پانی کو جمع کرتی ہیں۔

پانی راستے میں واقع ماحولیاتی نظام کو سیراب کرنے اور نباتاتی زندگی کو تقویت دینے میں معاون ہوتا ہے جس سے علاقے کے قدرتی نظام میں وادی طفشہ کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
یہ وادی قدرتی خوبصورتی کو زرعی ورثے کے ساتھ ملاتی ہے جو اسے دیہی اور ماحولیاتی سیاحت کے لیے ایک منفرد مقام بناتی ہے۔
