Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قدرتی حسن اور زرعی وسائل سے مالا مال مکہ کی وادی حلی

پرسکون ماحول قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کی القنفذہ کمشنری کے جنوبی حصے کی وادی حلی اس علاقے کی نمایاں ترین قدرتی وادیوں میں سے ایک ہے۔
یہاں کے بھر پور ماحولیاتی اور زرعی وسائل، قدرت کے حسن، لوگوں اور زمین کے درمیان نسلوں سے قائم گہرے تعلق کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وادی حلی مشرقی جانب پہاڑی سلسلے جبکہ مغربی سمت میں ساحلی میدانوں کے درمیان گھری ہوئی ہے۔ یہاں سرسبز کھیت، جنگل اور قدرتی نباتات علاقے کے جغرافیائی تنوع کو نمایاں بناتے ہیں۔
وادی کی زرخیز زمین میں انواع و اقسام کی سبزیاں اور پھل کاشت کیے جاتے ہیں جن میں کھجور اور آم قابلِ ذکر ہیں۔ زرخیز زمین اور بارشوں کے موسم میں پانی کی فراوانی نے یہاں آبادیوں کے قیام اور زرعی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وادی کے کناروں پر پھیلی نباتات اور سرسبز مناظر کے باعث فطرت سے محبت کرنے والوں، فوٹوگرافروں اور صحرائی سیاحت کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔
یہاں کا پرسکون ماحول سیاحوں کو قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ دیہی سیاحت کے لیے ایک بہترین مقام ہے۔

قدرتی تنوع اور تاریخی اہمیت کے باعث وادی حلی ماحولیاتی اور دیہی سیاحت کے لیے ایک پُرکشش مقام ہے۔
یہ وادی تھامہ اور بحیرۂ احمر کے ساحلی خطے کی قدرتی شناخت کا حصہ ہے جہاں پانی، زرخیز زمین اور انسانی محنت نے مل کر ایسا ورثہ تشکیل دیا ہے جو نسل درنسل منتقل ہوتا آ رہا ہے۔

 

شیئر: