طریف میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ عوامی بیٹھکیں بھی آباد
جمعرات 12 نومبر 2026 18:46
سرد راتوں میں ان بیٹھکوں کا رواج ہمیشہ سے رہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
حدود الشمالیہ ریجن کی طریف کمشنری میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ مختلف مقامات پر عوامی بیٹھکیں آباد ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سردیوں کی صبح اور سرد راتوں میں ان بیٹھکوں کا رواج ہمیشہ سے رہا ہے جو ہر موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی آباد ہوجاتی ہیں۔
مقامی باشندے مختلف مقامات پر محفلیں سجائے رات گئے تک وہاں بیٹھتے اور سعودی قہوے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے وقت گزارتے ہیں۔
سعودی نیوز ایجنسی کے فوٹو گرافر نے ان عوامی بیٹھکوں کے مناظر اپنے کیمروں میں محفوظ کیے ہیں جہاں دائرہ نما نشستوں کے درمیان آگ جلائی جاتی ہے تاکہ اس کی تپش سے سردی کے اثر کو کم کرتے ہوئے گپ شپ اور قہوے سے لطف اندوز ہو سکیں۔
مملکت کی شمالی جانب طریف کمشنری ہے جو سطح سمندر سے 800 سے زیادہ بلندی پر ہے۔ اسی وجہ سے یہ علاقہ موسمِ سرما میں سب سے زیادہ سرد علاقہ مانا جاتا ہے۔ یہاں دسمبر سے فروری تک درجہ حرارت میں کافی کمی ہوتی ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے جاری سال 1985 سے 2025 تک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں مملکت کے شہروں میں طریف کا شمار ’کہر‘ پڑنے والے شہروں میں سرفہرست ہے۔
یہاں پارہ منفی 8 ڈگری سیٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔

شدید سردی کی لہر کے دوران کمشنری کے مختلف کھلے مقامات پر سردی کی شدید لہر کے دوران پانی کے جم جانے کے مناظر بھی دیکھنے میں آتے ہیں جو شمالی علاقوں کے سخت سرد موسمی حالات کے عکاس ہیں۔
