صومالیہ کے صدر سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات
صومالیہ کے صدر نے رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کو سراہا ( فوٹو: ایس پی اے)
صومالیہ کے صدر ڈاکٹر حسن شیح محمد نے پیر کو موغو دیشو کے صدارتی محل میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم علما کونسل کے سربراہ شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں صومالیہ میں رابطہ عالم اسلامی کی مذہبی، فکری اور انسانی خدمات سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صومالیہ کے صدر نے صومالی عوام کی سپورٹ کے حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے صومالیہ کے علما کے ساتھ ایک جامع علمی و فکری نشست میں ملاقات کی۔ ’صومالیہ عالم اسلام کے قلب میں‘ کے عنوان سے حصوصی فورم کا بھی انعقاد کیا گیا۔
صومالی علما نے شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی کے خطاب کی تعریف کی جس میں انہوں نے ایک صحیح اسلامی فکری فریم ورک اور انتہا پسندی سے نمنٹے کے حوالے سے علمی و فکری کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔
ایک مشترکہ منصوبے پر اتفاق کیا گیا جس کی تفصلات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔ اس منصوبے میں متعدد اقدامات اور پروگرام شامل ہوں گے جو رابطہ عالم اسلامی اور صومالی علما کے درمیاان علمی و فکری تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
