Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برسلز: رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری کی مسلم کمیونٹی سے ملاقات، مکالمے میں شرکت

 باہمی احترام کے فروغ میں بیلجیئم کی مسلم کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو سراہا۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم علما کونسل کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے برسلز میں بیلجیئم کی مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں اور سماجی شخصیات سے ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات میں دنیا بھر کی مسلم کمیونٹی کے امور کا ذکر کرتے ہوئے بقائے باہمی، سماجی ہم آہنگی اور خصوصا باہمی احترام کے فروغ میں بیلجیئم کی مسلم کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ’ بیلجیئم کے مسلم علما کی رابطہ عالم اسلامی کی  کانفرنسوں اور فورمز میں شرکت پر خوشی ہے، خواہ یہ اجتماعات خصوصی طور پر اسلامی امور سے متعلق ہوں یا  ایسے عمومی اجتماعات جن میں مختلف مذاہب کے پیرو کار ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ایسے فورمز میں رابطہ عالم اسلامی کے مشن، مقاصد اور مفادات کے مطابق تمام مذاہب کے پیروکاروں کے متعلق مشترکہ امور پر مکالمہ کیا جاتا ہے۔‘
بعد ازاں سیکرٹری جنرل اور شرکا کے درمیان مکالمے کا آغاز ہوا جس میں دنیا بھر کی مسلم کمیونٹی سے متعلق متعدد امور پر بات کی گئی۔

قبل ازیں بیلجیئم کی وزارت خارجہ نے برسلز میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ’بدلتی دنیا میں مکالمے کی اہمیت‘ کے عنوان سے ایک وسیع ڈائیلاگ کی میزبانی کی۔
وزارتی اور پارلیمانی شخصیات، یورپی حکومتوں کے نمائندے، اعلی مذہبی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں، جامعات اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک تھے۔

 

شیئر: