رابطہ عالم اسلامی کا نیو یارک میں ’اے آئی فار ایوری ون‘ تقریب کا انعقاد
تقریب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
رابطہ عالم اسلامی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے تعاون اور شرکت کے ساتھ ’اے آئی فار ایوری ون، فیتھ، ہیومن ڈگنیٹی اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس تقریب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے متعدد حکام کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے اخلاقیات سے نمٹنے کے لیے متنوع بین الاقوامی شرکت کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں مذہبی اور تہذیبی ابعاد اور ان کی مشترکہ اخلاقی بنیادیں شامل ہیں۔
یہ شعبے اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشنز کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر اے آئی کے اخلاقیات پر کی جانے والی تحقیقی ترجیحات کا ایک اہم حصہ ہیں۔
اس میں ابتدائی ترجیح کے طور پر وہ مواد شامل ہے جو نفرت، تشدد، اور نظریاتی مقاصد، بالخصوص مذہبی اور فکری بنیادوں سے متاثر تہذیبی تصادم کی حوصلہ افزائی یا اشتعال انگیزی کرتا ہے۔
اپنی جانب سے ڈاکٹر العیسیٰ نے مذہبی امور سے وابستہ مذہبی، تعلیمی اور انسانی اداروں کے فائدے کے لیے پروگرام تیار کرنے کی خاطر متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تعاون سے ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبارٹری قائم کرنے کے رابطہ عالم اسلامی کے ارادے کا اعلان کیا۔

انہوں نے ترجمے کی غلطیوں کی نگرانی اور ان کی تصحیح کے لیے ایک مخصوص یونٹ کے قیام اور اس کے نتائج کو عوام کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی تحریروں اور ان سے منسلک علوم کے تراجم میں متعدد غلطیاں سامنے آئی ہیں جن کی وجہ سے ایسی باتیں مشہور ہو گئیں جن کی کوئی حقیقت نہیں تھی اور ان سے شدید غلط فہمیاں اور غلط عقائد پیدا ہوئے۔
