بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا ہے: پاسداران انقلاب
28 فروری کو ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ تاحال بند نہیں ہو سکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے کہا ہے کہ اس کی جانب سے بحرین میں امریکہ کے ایک وارننگ ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے وہ تباہ ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی یہ بیان ایران کے سرکای ٹی وی پر نشر کیا گیا تاہم بحرین کے دارالحکومت منامہ یا امریکہ کی جانب سے فوری طور پر حملے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
پاسداران انقلاب کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’چند گھنٹے قبل فضائیہ نے بحرین میں امریکی سسٹم کو نشانہ بنایا اور یہ کارروائی ایران کے جنوبی شہر سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر دشمن کے حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ’یہ جارح دشمن کے ایک سخت وارننگ ہے، وہ آبنائے ہرمز میں فضائی اشتعال انگیزی اور تیل کی سمگلنگ بند کر دے۔‘
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ اس نے موسم گرما سے اب تک خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے 1.5 ارب بیرل تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی تجارت کا ایک اہم سمندری راستہ ہے۔
28 فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے ساتھ شروع ہونے والی جنگ میں ایران امریکہ کے حملوں کے جواب کا سب سے زیادہ سامنا خلیجی ممالک کو کرنا پڑا ہے۔
اسی طرح حملوں کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کے راستے آمد و رفت کو کافی محدود کر دیا اور امریکہ کے اتحادی ممالک میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، توانائی کی تنصیبات اور اہم عمارتوں کو نشانہ بنایا۔
جنگ کے شروع کے دنوں میں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر دی تھی تاہم بعدازاں واشنگٹن نے ایران کی تجارت اور مالیاتی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے ’معاشی گھیرا تنگ کرنے کی مہم‘ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
حالیہ وسط مدتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملوں کی دھمکیوں میں کمی آئی ہے اور اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جاتی ہے کہ ایران کے خلاف جنگ امریکی عوام میں غیر مقبول ہے۔
