Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں جنوبی شاہراہ پر حوثیوں کی گولہ باری سے شہری ہلاک اور زخمی: فوجی حکام

یمنی فورسز کا کہنا ہے تعز میں حوثیوں کے حملوں کو پسپا کر دیا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
یمن کی فوج نے کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے جنوبی صوبے لحج میں مسافر بسوں اور ٹرکوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد مسافر ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیر کو ہونے والی اس گولہ باری میں ضلع المقاطرہ کی اس سڑک پر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جو اسے الباحہ کے علاقے سے ملاتی ہے۔
بیان کے مطابق یہ گاڑیاں کوئی فوجی مقاصد نہیں رکھتی تھیں اور یہ سڑک دو صوبوں کے رہائشیوں کی آمد و رفت کا اہم ذریعہ ہے۔
فوج کی جانب سے اس حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حوثی بار بار شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر رہے ہیں۔
فوج کی جانب سے اہم شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور مقامی شہریوں، اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور امدادی اداروں کے لیے سڑکیں کھولنے کا عزم ظاہر بھی ظاہر کیا گیا۔
اس بیان سے تھوڑی دیر قبل حکومتی فورسز کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ تعز میں ایک اور حملہ کیا گیا ہے جس میں العقروض علاقے کے ایک گاؤں کہلان میں ایک گھر کو بیلسٹک میزائل کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔
فوجی ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسی علاقے میں حوثی باغیوں کے ایک سنائپر نے بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوئیں۔
یہ بتایا گیا کہ عدن شہر کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا جو ذمار کے علاقے میں جا گرا۔
ترجمان کے مطابق ان واقعات سے ظاہر ہے کہ حوثیوں کے بیلسٹک میزائل بلاامتیاز شہریوں اور شہری تنصیبات کے لیے خطرہ ہیں اور یمن کے مختلف صوبے اس خطرے کی زد میں ہیں۔
قبل ازیں ترجمان نے کہا تھا کہ ’سرکاری فورسز اور پاپولر ریزسٹنس نے تعز شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں حوثیوں کے حملوں کو پسپا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے جبکہ ایک بارودی ڈرون کو مار گرایا۔‘
’اس دوران جنگی طیاروں نے کئی محاذوں پر حوثیوں کے اجتماعات اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘ 
تعز کے مشرق اور مارب میں لڑائی جاری رہی۔ سرکاری افواج نے حوثیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا اور انہیں پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ دیگر علاقوں میں بھی سرکاری افواج نے حوثیوں کو جانی نقصان پہنچایا اور ان کے ساز و سامان کو تباہ کیا۔
سرکاری افواج نے میزائل اور سنائپر حملوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا، شہریوں اور سول انفراسٹرکچر کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’شہریوں اور سویلین املاک پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری حوثیوں پر عائد ہوتی ہے۔ ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔‘

شیئر: