’پیارے پڑوسیو! آپ کے غبارے میری چھت پر‘،غباروں کا لاہور سے ہماچل تک سفر
’پیارے پڑوسیو! آپ کے غبارے میری چھت پر‘،غباروں کا لاہور سے ہماچل تک سفر
بدھ 25 نومبر 2026 6:30
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز، لاہور
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایک کالج سے فضا میں چھوڑے گئے غبارے قریباً 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع سولن پہنچ گئے۔
یہ غبارے طویل فاصلہ طے کر کے ایک شخص کے گھر کی چَھت تک پہنچ گئے جہاں ان کے کے ساتھ کالج کا بینر بھی بندھا ہوا تھا۔
ان غباروں کی شناخت کے لیے انڈین پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور بالآخر سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز کی مدد سے ان کا تعلق لاہور کے تعلیمی ادارے سے جوڑا گیا۔
یہ واقعہ لاہور کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ کا ہے جہاں جمعرات 19 نومبر 2026 کو سالانہ سپورٹس ڈے منایا گیا تھا۔
اس موقعے پر غباروں کے ساتھ افتتاحی بینر بھی فضا میں چھوڑا گیا تھا۔ دو روز بعد 21 نومبر کو انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے علاقے ارکی کے گاؤں ڈھڈوگی میں رہنے والے جے پرکاش کے گھر کی چَھت پر غباروں کا ایک گُچھا ملا۔
ان غباروں کے ساتھ ایک بینر بھی موجود تھا جس پر انگریزی میں درج تھا کہ ’لاہور گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ، سالانہ سپورٹس ڈے 2026‘ انگریزی زبان میں لکھا گیا تھا۔
انڈین میڈیا کے مطابق جے پرکاش نے غبارے اور بینر دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر انہیں قبضے میں لیا اور ارکی پولیس سٹیشن میں روزنامچہ رپورٹ درج کی۔
انڈین اخبار ’امر اجالا‘ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اس واقعے کی تفصیلات شائع کی ہیں۔ بعد میں انڈین میڈیا نے بتایا کہ غباروں پر درج تعلیمی ادارے کے نام کی مدد سے کالج کا پتا چلا۔
انڈیا کے اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق لاہور اور ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے درمیان فضائی فاصلہ قریباً 272 کلومیٹر ہے جبکہ سڑک کے راستے یہ فاصلہ قریباً 400 کلومیٹر بنتا ہے۔
’اس سفر کے حوالے سے ایک ممکنہ رُوٹ کیلکولیشن میں لاہور سے امرتسر کینٹ، پھر جالندھر اور چندی گڑھ سے گزرتے ہوئے ہماچل پردیش کی وادیوں کے راستے سولن تک پہنچنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘
اس واقعے نے مقامی پولیس کی توجہ اس لیے بھی حاصل کی کہ غباروں کے ساتھ پاکستان کے ایک تعلیمی ادارے کا بینر موجود تھا۔
یہ غبارے لاہور کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ کے سپورٹس ڈے پر چھوڑے گئے تھے (فوٹو: سکین گریب)
سولن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سائی دتاتریہ ورما نے ’دی انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ پولیس کے سائبر کرائم سیل نے ابتدائی تحقیقات کے دوران لاہور کے کالج اور اس کی تقریب سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
پولیس کو فیس بُک پر لاہور کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ کے نام سے ایک اکاؤنٹ ملا جس پر سالانہ سپورٹس ڈے کی تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں۔
ان ویڈیوز میں 19 نومبر کو کالج میں مہمانوں کی جانب سے غبارے فضا میں چھوڑتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ سائی دتاتریہ ورما کے مطابق ابتدائی آن لائن تحقیقات سے معلوم ہوا کہ غبارے لاہور کے اسی کالج کے سالانہ سپورٹس ڈے کے دوران چھوڑے گئے تھے۔
کالج انتظامیہ کے مطابق تقریب میں مسلم لیگ ن کی رہنما ساجدہ فاروق تارڑ بطور مہمان خصوصی شریک تھیں۔ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق سولن میں اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے نشان والے غبارے بھی ملے تھے۔
لاہور کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید خان کہتی ہیں کہ ’انہیں ابتدا میں اس واقعے پر یقین ہی نہیں آیا تھا۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق ’جے پرکاش نے غبارے اور بینر دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی‘ (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
اردو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ایک ساتھی نے انہیں اس واقعے کی ویڈیو بھیجی تو انہیں محسوس ہوا کہ شاید یہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہو۔
’مجھے کسی کولیگ نے ویڈیو شیئر کی تو مجھے ایسا لگا کہ جیسے یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ہو لیکن جب ہم نے گوگل پر سرچ کرنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ انڈین میڈیا اس پر رپورٹ کر رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب کالج انتظامیہ نے مزید تفصیلات حاصل کیں تو معلوم ہوا کہ انڈین پولیس نے بھی اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی ہیں اور اس کے سائبر کرائم سیل نے کالج کا فیس بک پیج تلاش کرکے وہاں موجود ویڈیوز کو اپنی تحقیقات کی بنیاد بنایا۔
کالج کی پرنسپل کے مطابق ’غبارے اپنی اصل حالت میں ہماچل پردیش پہنچے تھے اور ان میں سے کوئی غبارہ پھٹا ہوا نہیں تھا۔‘
وہ اس حوالے سے کہتی ہیں کہ ’یہ ہمارے لیے ایک خوش گوار حیرت کی بات تھی کہ وہ امن کے سفیر ثابت ہوئے اور لاہور سے انڈیا جا کر گرے۔ یہ ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘
لاہور کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید خان نے گفتگو میں اس واقعے کے ایک اور دلچسپ پہلو کا ذکر کیا۔
لاہور کالج کی انتظامیہ نے لکھا کہ ’ہمارا بینر سرحدوں سے آگے محبت کا پیغام لے کر پہنچا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ان کا کہنا تھا کہ ’عام طور پر یہ بات کی جاتی ہے کہ ہوائیں انڈیا سے پاکستان کی طرف آتی ہیں اور سموگ کے معاملے پر بھی اسی حوالے سے بات ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ غبارے بظاہر مخالف سمت میں سفر کرتے ہوئے انڈیا پہنچ گئے اور اس میں شاید کوئی حکمت ہوگی۔‘
پرنسپل کا کہنا تھا کہ ’کالج انتظامیہ کے لیے یہ بات بھی حیران کن تھی کہ غبارے چھوڑتے وقت انہیں اس سفر کا بالکل اندازہ نہیں تھا اور یہ سب ایک غیر متوقع خوش گوار واقعہ بن گیا۔‘
’کالج ایک ایسا ادارہ ہے جہاں کھیلوں کی سرگرمیوں کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ کالج میں ایتھلیٹکس گراؤنڈ، ہاکی گراؤنڈ، بیڈمنٹن کورٹ اور جمنازیم موجود ہیں جبکہ اس کی طالبات اور اساتذہ مختلف مواقع پر بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔‘
جب یہ خبر انڈین میڈیا پر سامنے آئی اور لاہور کے کالج تک پہنچی تو کالج انتظامیہ نے اپنے فیس بُک پیج پر ایک پیغام شیئر کیا۔ اس پیغام میں واقعے کو کھیلوں کے ذریعے امن، محبت اور بھائی چارے کی ترویج کی ایک مثال قرار دیا گیا۔
کالج انتظامیہ نے لکھا کہ کھیل دلوں کو قریب لاتے ہیں اور ان کا افتتاحی بینر سرحدوں سے آگے محبت کا پیغام لے کر پہنچا ہے۔
لاہور سے فضا میں چھوڑے گئے غبارے قریباً 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے ہماچل پردیش پہنچے تھے (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
کالج انتظامیہ نے مزید لکھا کہ محض اتفاق اور خوش قسمتی سے اس کا بینر انڈیا کے کسی علاقے میں جا پہنچا اور بینر سمیت غبارے مکمل طور پر اپنی اصل حالت میں موجود تھے۔
کالج نے اپنی پوسٹ میں دونوں ملکوں کے عوام کو ایسے پڑوسیوں کے طور پر بیان کیا جو ایک ہی ہوا میں سانس لیتے ہیں اور ایک ہی آسمان کے نیچے رہتے ہیں۔
اس پیغام میں بینر کو محبت، امن، کھیلوں کے جذبے اور پڑوسیوں کے درمیان بھائی چارے کا سفیر قرار دیا گیا۔ ہماچل پردیش میں غبارے حاصل کرنے والے جے پرکاش نے بھی کالج کی فیس بُک پوسٹ پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے انگریزی میں جو پیغام لکھا اس کا ترجمہ اس طرح ہے کہ ’میرے پیارے پڑوسیو! آپ کے غبارے میرے گھر کی چھت پر آکر اُترے ہیں۔‘ اردو نیوز نے جے پرکاش سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید خان اس واقعے کو کھیلوں کے اس تصور سے جوڑتی ہیں جس کے مطابق کھیل لوگوں کو قریب لانے اور معاشروں میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کھیلوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے ذریعے امن کی ترویج کی جاتی ہے۔ آج ہم نے اس کی عملی تصویر دیکھی ہے کیونکہ ہمیں بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ہمارے کالج کا بینر انڈیا پہنچ جائے گا۔‘