Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا کے قریب کشتی حادثہ باجوڑ کو سوگوار کرگیا، بہتر مستقبل کی خاطر متعدد نوجوان جان سے گئے

لیبیا طویل عرصے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے اہم روانگی پوائنٹ سمجھا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں ضلع کے متعدد رہائشی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے انسانی سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
لیبیا طویل عرصے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے اہم روانگی پوائنٹ سمجھا جاتا ہے۔ باجوڑ کے کئی خاندان ماضی میں بھی ایسے المناک واقعات سے متاثر ہو چکے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری بیان میں حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، تاہم ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ پولیس شفاف تحقیقات کرے گی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے کہا کہ انہوں نے لیبیا میں موجود باجوڑ کے زندہ بچ جانے والے افراد سے رابطہ کیا ہے اور پاکستانی سفارت خانے اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ تاہم حادثے کی درست جگہ اور کشتی میں سوار افراد کی حتمی تعداد ابھی واضح نہیں ہو سکی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے دعویٰ کیا کہ حالیہ حادثے میں باجوڑ کے 30 سے زائد نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوئے ہیں، تاہم سابق صوبائی رکن اسمبلی انور زیب خان نے اس تعداد کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔
انور زیب خان نے کہا کہ یہ بات تصدیق شدہ ہے کہ لیبیا کے قریب پیش آنے والے حادثے میں باجوڑ کے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں، لیکن کشتی میں سوار افراد کی حتمی تعداد تاحال معلوم نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ باجوڑ کے مختلف دیہات میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جا چکی ہے۔
مقامی رہنماؤں کے مطابق روزگار کے محدود مواقع اور بہتر مستقبل کی امید نوجوانوں کو خطرناک سمندری سفر اختیار کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ میاں افتخار حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے لیے فنی تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں تاکہ وہ غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہوں۔
انہوں نے حکومت سے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت، لاشوں کی وطن واپسی اور لواحقین کی مدد کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

جنوری 2025 میں بھی موریطانیہ سے روانہ ہونے والی ایک کشتی مغربی صحارا کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی شہریوں سے متعلق سب سے ہولناک کشتی حادثات میں سے ایک جون 2023 میں یونان کے ساحل کے قریب پیش آیا تھا، جب لیبیا سے اٹلی جانے والی ایک ماہی گیر کشتی ڈوب گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس حادثے میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 104 افراد کو بچا لیا گیا تھا جن میں 12 پاکستانی بھی شامل تھے۔
جنوری 2025 میں بھی موریطانیہ سے روانہ ہونے والی ایک کشتی مغربی صحارا کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اس حادثے میں 22 پاکستانی زندہ بچ گئے تھے جن کی وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 179 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ متعدد جائیدادیں ضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق انسانی سمگلنگ سے نمٹنے اور تحقیقات میں کوتاہیوں کے معاملے پر ایف آئی اے کے 38 اہلکاروں کو برطرف اور 12 دیگر کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کی گئی ہے۔

 

شیئر: