Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالدیپ کی قومی ایئرلائن کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ

وزیر داخلہ سے ملاقات میں افرادی قوت اور تجارتی تعاون کے امور بھی زیر بحث آئے: فوٹو وزارتِ داخلہ
پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق مالدیپ کی قومی ایئرلائن پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس حوالے سے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کے درمیان ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
مجوزہ پروازوں کے آغاز سے پاکستانی مسافروں کو بحرہند کے سیاحتی جزائر تک براہ راست رسائی حاصل ہو سکے گی۔
تاہم وزارت داخلہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ مالدیپ کی ایئرلائن پاکستان کے کس شہر کے لیے پروازیں شروع کرے گی، یہ سروس کب شروع ہوگی اور ہفتے میں کتنی پروازیں چلائی جائیں گی۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس فضائی رابطے سے مالدیپ آنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
وزارت کے مطابق پاکستانی کرکٹرز اور شوبز شخصیات کو افتتاحی پرواز کے ذریعے مالدیپ بھیجے جانے کی بھی توقع ہے۔
محمد امین نے کہا کہ مالدیپ میں پاکستانی فنکار اور معروف شخصیات مقبول ہیں اور ان کا دورہ سیاحت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ملاقات میں افرادی قوت اور تجارتی تعاون کے امور بھی زیر بحث آئے۔ محمد امین نے بتایا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے کارکنوں کی بھرتی کا خیرمقدم کرے گا۔
انہوں نے پاکستانی تعمیراتی سامان اور ادویات درآمد کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ سٹیڈیم اور تربیتی اکیڈمی کے قیام کی تجویز پر بھی کام کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس اکتوبر میں مالدیپ کے صدر محمد معیزو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اعلی سطح کے وفد کے ساتھ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور اس دوران متعدد شعبوں میں معاہدے ہوئے تھے۔

شیئر: