Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد: پی ایس او کی زیرِ زمین سپلائی لائن میں نقب، کروڑوں کا تیل کیسے چُرایا گیا؟

پریشر میں کمی مشکوک گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کمپنی سے پولیس کو اطلاع دی (فوٹو: راولپنڈی پولیس)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کی سپلائی لائن میں نقب لگا کر کروڑوں کا تیل چوری کر لیا گیا ہے۔
تھانہ ہمک کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے میں ملزمان نے ایک گھر کے فرش کے نیچے خفیہ سرنگ کھود کر ہائی پریشر پائپ نصب کر کے پائپ لائن تک رسائی حاصل کی تھی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیل کمپنیوں کی پائپ لائنوں سے تیل چوری کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ رواں سال اب تک تین ایسے بڑے واقعات کے باقاعدہ مقدمات درج ہو چکے ہیں، جبکہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو مزید واقعات بھی پیش آئے جن کی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی۔

حالیہ واردات سے متعلق اب تک سامنے آنے والی تفصیلات

اسلام آباد کے تھانہ ہمک میں پی ایس او کے سہالہ ٹرمینل (کہوٹہ روڈ) کے انسٹالیشن منیجر محمد رحمت اللہ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ یہ واردات 16 اکتوبر سے 23 نومبر 2026 کے درمیان ہوئی، جس کا انکشاف پائپ لائن کے دباؤ میں مسلسل کمی کے بعد ہوا۔

پائپ لائن، پریشر میں کمی اور مشکوک ڈالے کی نقل و حرکت 

محمد رحمت اللہ کے مطابق پی ایس او کی سہالہ تنصیبات اٹک ریفائنری لمیٹڈ سے 15 کلومیٹر طویل اور آٹھ انچ قطر کی پائپ لائن کے ذریعے منسلک ہیں۔ 16 اکتوبر 2026 سے روزانہ مخصوص اوقات میں پائپ لائن کے دباؤ اور ڈیزل کی مقدار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی، جس پر پی ایس او نے لائن کی نگرانی شروع کی۔
23 نومبر 2026 کو گشت پر مامور پی ایس او کے سکیورٹی عملے نے ماڈل ٹاؤن غربی ہمک کے ایک گھر میں ایک ڈالے کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔

کرائے کے گھر میں میں نقب لگا کر نکالا جانے والا تیل گاڑیوں کے ذریعے آگے بھجوایا جا رہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

جس پر پولیس اور پی ایس او کی سکیورٹی ٹیم رات پونے ایک بجے موقع پر پہنچے۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر ایک شخص باہر آیا جس نے اپنا نام افتخار ولد محمد علی بتایا۔

گاڑیاں اور ٹینک برآمد

گھر کے اندر سے ایک سفید ڈالہ بھی ملا جس کے اوپر قریباً چھ ہزار لیٹر گنجائش کی ٹنکی نصب تھی۔ اس کے علاوہ ایک سفید سوزوکی بولان اور ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی۔

کچن اور بیٹھک سے خفیہ سرنگ

درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر گھر کے کچن کے فرش پر لگے سلیب کے نیچے ایک گڑھا دریافت ہوا، جس میں تیل چوری کرنے کے لیے ہائی پریشر پائپ اور نوزل نصب کیے گئے تھے۔ 
متن کے مطابق ’یہ پائپ دیوار کے ساتھ ساتھ ملحقہ پلاٹ تک جا رہا تھا۔ جب گھر کی بیٹھک کا فرش توڑا گیا تو اس کے نیچے ایک باقاعدہ سرنگ برآمد ہوئی جو براہِ راست پی ایس او کی مرکزی پائپ لائن سے جڑی ہوئی تھی۔‘
 دورانِ تفتیش ملزم افتخار نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر طویل عرصے سے مختلف مقامات اور اوقات میں پی ایس او کی پیٹرولیم مصنوعات چوری کر رہا تھا۔ 

جڑواں شہروں میں تیل چوری کے ایسے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پی ایس او کے منیجر کے مطابق اس واردات میں کمپنی  کو قریباً 49 ہزار لیٹر ڈیزل کا نقصان پہنچا جس کی مالیت ایک کروڑ 76 لاکھ روپے بنتی ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں زیرِ زمین پائپ لائنوں سے تیل چوری کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے، بلکہ صرف 2026 کے دوران ہمک کے حالیہ واقعے کے علاوہ بھی تیل چوری کی بڑی وارداتیں سامنے آ چکی ہیں جن میں ملزمان نے قریباً یکساں طریقہ واردات اختیار کیا۔

رنیال میں ہونے والی واردات

حالیہ واقعے سے محض چند روز قبل نومبر میں راولپنڈی کے نواحی علاقے رنیال میں اٹک سے مورگاہ جانے والی خام تیل کی مرکزی پائپ لائن سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ایک ہزار ایک سوبیرل خام تیل کی چوری پکڑی گئی۔ 
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مرکزی پائپ لائن میں سوراخ کر کے 181 فٹ طویل خفیہ زیرِ زمین پائپ بچھا رکھا تھا جس کے ذریعے تیل ایک خفیہ زیرِ زمین ٹینک میں منتقل کیا جا رہا تھا۔

سہالہ میں کیا ہواَ تھا؟

رواں برس جولائی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پی ایس او کی مشترکہ کارروائی کے دوران سہالہ کے قریب پی ایس او کی مرکزی سپلائی لائن سے ڈیزل چوری کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیا۔ 

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گھر کے کچن اور بیٹھک کے نیچے بنائی گئی سرنگ بھی ملی (فائل فوٹو: راولپنڈی پولیس)

حکام کے مطابق یہ گروہ پانچ سے چھ ماہ سے سرگرم تھا اور پائپ لائن میں نقب لگا کر روزانہ قریباً 20 ہزار لیٹر ڈیزل نکال رہا تھا۔
اسی طرح رواں سال کے اوائل میں بھی راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پائپ لائنوں سے تیل چوری کے دو دیگر واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جن میں ملزمان نے اسی طرز پر خفیہ سرنگیں کھود کر ایندھن چوری کیا تھا۔

’ملی بھگت کے بغیر مشکل ہے‘

ماہرین کہتے ہیں کہ زیرِ زمین پائپ لائنوں سے تیل چوری کے واقعات بار بار پیش آنے کی سب سے بڑی وجہ پائپ لائنوں کے روٹ پر بڑھتی ہوئی غیر منصوبہ بند رہائشی آبادیاں ہیں۔
اوگرا کے سابق ممبر گیس محمد عارف نے کے مطابق پائپ لائنوں سے تیل چوری کے واقعات میں اندرونی سہولت کاری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ 
اُنہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ تیل کے دباؤ اور مقدار کی نگرانی کرنے والے متعلقہ عملے کو کسی بھی کمی کا فوری علم ہو جاتا ہے، لہٰذا اندرونی ملی بھگت کے بغیر ایسی وارداتیں مشکل ہیں۔ 
اُن کے خیال میں سپلائی لائنوں کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر طریقہ کار اپنا کر ایسے واقعات کا تدارک ممکن ہے

شیئر: