قاہرہ - - - - - عرب وزرائے خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی خلاف ورزیوں سے متعلق ہنگامی اجلاس منعقد کر کے جمعرات کو مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہا رکیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فلسطین کیلئے واجب التعمیل قرار داد جاری کرائی جائے گی ۔ قرار داد میں اسرائیل کو اس امر کا پابند بنایا جائیگا کہ وہ اپنے بین الاقوامی عہدوپیمان پورے کرے ۔ عرب وزرائے خارجہ نے القدس کو یہودی تشخص دینے والے اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی اور باور کرایا کہ القدس کے حوالے سے اسرائیل کے تمام اقدامات غیر قانونی ہیں ۔ القدس کے تاریخی تشخص کو بدلنے والے اقدامات ناقابل قبول ہیں ۔ عرب وزراء نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی جانب سے صورتحال کو گرمانے والے اقدامات امن عمل پر اثر انداز ہوں گے ۔ مصر میں متعین سعودی سفیر احمد عبدالعزیز قطان نے کہا کہ وہ ثابت قدم رہنے اور قابض اسرائیلی حکام کی سختیوں کے آگے ڈٹے رہنے پر فلسطینی عوام اور ان کے قائدین کو خراج شکرو تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہیں زبردست جدوجہد پر سیلوٹ کرتے ہیں ۔ سعودی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ہر ظالم کا انجام متعین ہے ۔ آزادی کا سورج بہت جلد سرزمین فلسطین پر نکلے گا اور ہم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ اس وقت تک جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ فلسطین اور بیت المقدس آزاد نہیں ہو جاتا ۔ سعودی عرب نے اسرائیل کی ننگی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ۔ سعودی عرب نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے عالمی برادری فوری اقدامات کرے ۔ مملکت نے انتباہ دیا کہ دنیا بھر کے مسلمان ذلت آمیز حالات کا سلسلہ برداشت نہیں کر سکیں گے ۔امت مسلمہ کے غصے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ سعودی عرب نے اپنے بیان میں توجہ دلائی کہ قابض اسرائیلی افواج کی خلاف ورزیوں کا بہت برا انجام ہو گا۔اسرائیلی افواج نے جو کچھ کیا اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مشتعل ہوئے ہیں ۔ عالمی برادری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو لگام لگانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ اسرائیلی فوجی جو کچھ کر رہے ہیں وہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی روایات اور مبادی کی کھلی خلاف ورزی ہیں ۔ تمام آسمانی مذاہب نے جو حقوق اور اصول مقرر کئے ہیں اسرائیلی تصرفات ان کی توہین ہے ۔ مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو خود مختار ریاست کے قیام کا حق ملنا ضروری ہے اور اس ریاست کا دارالحکومت القدس ہی ہے ۔ مملکت نے کہا کہ ہمارا موقف غیر متزلزل ہے ہم کل بھی مشرق وسطیٰ میں مکمل اور مبنی بر انصاف امن کے قیام کیلئے مسلمہ اصولوں اور معاہدوں پر عملد رآمد کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ آج اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔