کنگ عبد العزیز اونٹ میلے کا دسواں ایڈیشن شروع
یہ فیسٹیول سعودی ثقافتی شناخت کے فروغ کے لیے اہم کڑی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
دار الحکومت ریاض کے الصیاہد میدان میں کنگ عبد العزیز اونٹ میلے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں اونٹوں کے شوقین اور اس تہذیبی ورثے کا شغف رکھنے والوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ فیسٹیول سعودی ثقافتی شناخت کے فروغ اور سعودی عرب کی تاریخ و ثقافت میں اونٹ کی منفرد اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
اونٹوں کے کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ شیخ فہد بن فلاح بن حثلین نے کہا ہے کہ ’اونٹ میلہ کا یہ دسواں ایڈیشن قیادت کی جانب سے قومی ورثے پر دیئے جانے والے بڑے اہتمام کا تسلسل ہے‘۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ’اس سال فیسٹیول کی سرگرمیوں میں نمایاں توسیع ہوئی ہے اور شرکاء کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے اس کی حیثیت عالمی پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم ہوتی ہے‘۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ فیسٹیول میں روایتی اور ثقافتی سرگرمیوں کا متنوع مجموعہ شامل ہے جو اصالت اور جدت کو یکجا کرتا ہے۔
ان میں سب سے اہم اونٹوں کی نمائش ہے جو اونٹوں کے مختلف رنگوں اور اقسام کے مقابلوں پر مشتمل ہوتی ہیں اور جو ملک کے اندر اور باہر سے آنے والے اونٹ مالکان اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
یہ پروگرام بھرپور ثقافتی سرگرمیوں پر بھی مشتمل ہے جن میں اہم ترین العقيلات عجائب گھر ہے جو جزیرۂ عرب کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں کو پیش کرتا ہے۔
اس کے علاوہ روایتی دستکاریوں کی نمائشیں بھی شامل ہیں جو قدیم صنعتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔