شام کے دو شہروں سے ملبہ صاف کرنے کا کام شروع
’منصوبے کے تحت کم از کم 85,500 مکعب میٹر ملبہ ہٹایا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے شام کے دو شہروں دوما اور داریا میں ملبہ ہٹانے کے منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ منصوبہ شامی سول ڈیفنس کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد محفوظ ماحول تیار کرنا ہے جو شہریوں کی واپسی اور تعمیرِ نو کے آغاز میں مددگار ثابت ہو۔
منصوبے کے تحت کم از کم 85,500 مکعب میٹر ملبہ ہٹایا جائے گا جن میں سے 46,500 مکعب میٹر دوما اور 39,000 مکعب میٹر داریا میں ہے۔
اس کے علاوہ 30,000 مکعب میٹر ملبہ قابلِ استعمال تعمیراتی مواد میں تبدیل کرنے کے لئے ری سائیکلنگ یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔
تکنیکی ٹیمیں سروے اور تکنیکی معائنہ بھی انجام دیں گی جبکہ جنگی باقیات کے خطرات اور ان کی رپورٹنگ کے طریقوں کے بارے میں آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے اپنے انسانی ہمدردی کے ادارے سعودی کنگ سلمان سینٹر کے ذریعے شام کے عوام کی تکالیف کم کرنے اور متاثرہ شہروں کی زندگی کو پائیدار طور پر بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔