Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تختیاں لگاتے لگاتے میاں صاحب کاتختہ ہوگیا،بلاول

چترال... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم نے لواری ٹنل کاافتتاح کیا اور اپنے نام کی تختی لگائی۔ میاں صاحب کو تختیاں لگا نے کا بہت شوق تھا لیکن تختیاں لگاتے لگاتے ان کا تختہ ہوگیا۔نوازشریف کی منافقانہ سیاست کابھی خاتمہ ہوچکا ۔ وہ اس بات پر خوش نہ ہوں کہ نااہل ہوکر جان بچ گئی۔ انہیں اپنے ہر ظلم اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا۔ہم منتظر ہیں کہ بھٹو کو کب انصاف ملے گا؟ آنے والے الیکشن کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ ہفتے کو چترال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب نواز شریف اور دوسری طرف عمران خان ہیں۔ دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں۔ پہلے جو کام (ن)لیگ کیا کرتی تھی اب پی ٹی آئی کررہی ۔ بلاول نے کہا کہ عمران چاچا سنو! 2018ءمیرا پہلا اور آپ کا آخری الیکشن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ضیاءکی آئینی شقوں پر نااہل ہوئے۔ 18 ویں ترمیم کے دوران کہا یہ غیرآئینی شقیں ہیں لیکن نواز شریف ان آرٹیکلز کو بڑوں کی نشانی سمجھ کر سنبھالتے رہے۔ وہ ان آرٹیکلز کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن خود اس کی زد میں آگئے۔ مسلم لیگ والے کہتے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی ۔اب ان سے غلطی ہوئی ہے تو بھگتیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا کے ٹھیکوں سے عمران خان کا کچن چل رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ پڑھی لکھی خواتین تحریک انصاف چھوڑ کر جارہی ہیں۔عمران خان عوام سے جھوٹ بولتے ہیں۔ ان کی سیاست کا محور الزام لگانا اور گالی دینا ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے غلط بیان دیا ۔ اس پر اختلاف کیا جاسکتا تھا لیکن عمران خان ایک ریاست کے وزیراعظم کو جلسے میں گالی کیسے دے سکتے ہیں۔

 

شیئر: