Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرماں بردار بیٹا، باپ کی برسوں پرانی خواہش کی تکمیل کا سبب بنا

مشاعر مقدسہ..... فرماں بردار بیٹا والد کی برسوں پرانی آرزو پوری کرنے کا سبب بن گیا ۔ کئی برس محنت کرکے رقم جمع کی اور حج پر بھجوانے کا والد سے کیا وعدہ نبھادیا ۔ 98 سالہ پاکستانی حاجی نور نے عکاظ اخبار کے نمائندے کو بتایا کہ اس کی شادی 20 برس کی عمر میں ہوئی تھی ۔ قدرت نے اسے ایک ہی بیٹا عطا کیا ۔ میری محدود آمدنی تھی، بڑی مشکل سے گزارا ہوتا تھا ۔ بیٹا جوان ہوا تو اس سے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ میں حج کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس جانا چاہتا ہوں ۔ بیٹے نے وعدہ کیا کہ وہ مجھے اور اپنی والدہ کو حج کروائےگا ۔میں اپنے بیٹے کو جانتا تھا مگر مجھے اس بات کا بھی احساس تھا کہ بیٹے کی آمدنی کے ذرائع بھی محدود ہیں جبکہ حج کےلئے اخراجات بہت ہوتے ہیں جو ہماری استطاعت سے باہر تھے ۔ میں ہر حج کے موقع پر دل ہی دل میں خود کو اور اہلیہ کو ارض مقدس میں کھڑا محسوس کرتا تھا ۔ ادائیگی ¿حج کی میری خواہش روز بہ روز بڑھتی گئی ۔ 5 برس قبل میری اہلیہ داغ مفارقت دے گئی اور میں تنہا رہ گیا ۔ جب میری اہلیہ فوت ہوئی تو بیٹے نے انتہائی دکھ سے کہا کہ وہ شرمندہ ہے کہ حج کرانے کا اپنا وعدہ پورا نہ کرسکا ۔ اس کے بعد میں نے محسوس کیا کہ بیٹا خاموش رہنے لگا ہے۔ ایک دن اس نے بتایا کہ وہ مجھے حج پر بھجوا کر اپنا وعدہ پورا کرنا چاہتا ہے ۔ حاجی نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس اس نے درخواست دی اور اس سال میرا نام حج کےلئے نکل آیا ۔ جس دن میں احرام باندھ کر مملکت کےلئے عازم سفر ہو رہا تھا وہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت دن تھا ۔ مملکت پہنچ کر مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ حج ادائی کی میری برسوں کی خواہش آج پوری ہو گئی ۔ 

شیئر: