Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو ایٹمی طاقت سے محروم کرنے کی سازش؟

اسلام آباد... وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹنٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ نے کہاہے کہ بعض عالمی طاقتیں پاکستان کو داخلی مسائل میں الجھا کر ایٹمی طاقت سے محروم کرنا چاہتی ہیں۔ سی پیک منصوبے کو ناکام بنا کر پاکستانی معیشت پر کاری ضرب لگانا چاہتی ہیں۔ یہی طاقتیں افغانستان میں امن کے قیام کی مخالف ہیں ۔پڑوسی ملک ہند کے ساتھ بڑے دفاعی اور معاشی معاہدوں کی نوازشات کر رہی ہیں۔ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے اپنی سمت اور دیگر ترجیحات کا تعین جلد کرنا ہو گا۔ پاکستان کو ان سازشوں سے بچانے کےلئے اپنی صفوں میں اتحاد اور انتشار سے بچنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں قومی علما و مشائخ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسا ادارہ بنانا چاہتے ہیں جو آنے والے دور تک فعال رہے۔ملک و قوم کو رہنمائی فراہم کرتا رہے انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ اور بارہویں جماعت تک معانی کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دلوانا ہماری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علماءکرام کی مشاورت سے مدارس کے نظام میں بھی کافی بہتری لائی گئی ہے۔ مزید پیش رفت کیلئے علماءکرام کا اتفاق اشد ضروری ہے۔ مدارس میں پڑھنے والے بچے مستقبل میں فوج ، پولیس اور دوسرے ملازمتیں حاصل کر سکیں گے۔ کچھ مدارس کو بتدریج کالج اور یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر نے پاکستان کو درپیش ملکی اور بیرونی خدشات اور چیلنجز کے حوالے سے کونسل کے ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 

شیئر: