Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ہمارا اہم شریک ہے، روسی وزیراعظم

ماسکو .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور روسی وزیراعظم دیمتری میدودیف نے جمعہ کو ماسکو میں مذاکرات کئے۔ دونوں رہنماﺅں نے سعودی عرب اور روس کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں اور دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے افق وسیع سے وسیع تر کرنے کے موضوع پر بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے وفود شریک رہے۔ سعودی عرب کی طرف سے وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان ، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر ابراہیم العساف ، وزیر تجارت و سرمایہ کاری، وزیر ماحولیات و پانی وزراعت او روزیر خارجہ شریک ہوئے ۔ وزرائے توانائی و صنعت و معدنیات و ثقافت و اطلاعات اور چیئرمین سعودی ترقیاتی فنڈ بھی موجود تھے۔روس کی جانب سے نائب وزیراعظم، وزیر مواصلات اور مملکت میں متعین روسی سفیر شریک ہوئے۔ روس کے دیگر وزراءاور اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ روسی وزیراعظم نے شاہ سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک سعودی عرب کو مختلف شعبوں میں اپنا اہم شریک سمجھتا ہے اور مملکت کے ساتھ مشترکہ تعاون کو وسیع سے وسیع تر اور جدید سے جدید تر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے روسی صدر کے ساتھ شاہ سلمان کے بامقصد مذاکرات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انکی بدولت دونوں دوست ملکوں میں تعاون مضبوط ہوگا۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر روسی وزیراعظم کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں دوست ملکوں کے تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی آپ کی خواہش قابل تعریف ہے اس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ ہم دونوں ملکوں کے تعلقات کو وسیع سے وسیع تر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ صدر پوٹین کیساتھ مذاکرات مفید رہے۔ مختلف شعبوں میں تعاون کے استحکام پر ہم دونوں متفق ہوگئے ہیں۔ شاہ سلمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کا المیہ ختم ہونا اور مسئلہ فلسطین کا پائدار، منصفانہ و جامع حل خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام اشد ضروری ہے۔ خطے میں برپا یمنی و شامی بحران اور دیگر مسائل کا تقاضا ہے کہ ایران اپنی توسیع پسندانہ پالیسی ترک کرے۔ حسن ہمسائیگی کے اصولوں کی پابندی کرے۔ بین الاقوامی قوانین وروایات کا احترام کرے، ہمسایوں کے امور میں مداخلت بند کرے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب ان دنوں ہمہ جہتی ترقی کے تاریخی دور سے گزر رہا ہے۔ مملکت نے وژن 2030کو عملی جامہ پہنانا شروع کردیا ہے۔ وژن 2030کے پروگراموں پر عمل درآمد کیلئے ہم اپنے دوست ملک روس سے شراکت کے مشتاق ہیں۔ شاہ سلمان نے توجہ دلائی کہ روس اور سعودی عرب کی مساعی کی بدولت تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ ممکن ہوسکا۔ تیل پیدا کرنے اور خریدنے والوں کے مفادات میں توازن قائم ہوا۔ ہم تیل کی عالمی منڈی میں استحکام دیکھنا چاہتے ہیں۔ شاہ سلمان نے کہا کہ روسی صدر ، دوست روسی عوام اور آپ نے ہمارا جو شاندار خیر مقدم کیا ہے اسے ہم قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دوست روسی عوام کیلئے مزید ترقی و خوشحالی کے آرزو مند ہیں۔
 

شیئر: