Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن کرکٹرز کی آمد دہشتگردوں کیخلاف فتح کا پیغام ہے، میانداد

 
کراچی:جاوید میانداد نے سری لنکن ٹیم کی آمد کو دہشت گردی کیخلاف فتح کا پیغام قرار دیدیا۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ حالیہ میچز میں کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم نے ثابت کیا کہ قوم انٹرنیشنل کرکٹ کو ترس رہی ہے۔ جاوید میانداد نے کہاکہ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف فتح کا پیغام ہے۔پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ سیریز میں تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی اسٹیڈیم سے ثابت ہوا کہ ہماری قوم ایک عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ کو ترس رہی ہے۔ یوں تو کسی ملک کو بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں کہا جا سکتا لیکن گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، میں انٹرنیشنل ٹیموں سے درخواست کرتا ہوںکہ یہاں کھیلنے کے لئے آئیں،ہمارا ملک محفوظ جبکہ پاکستانی کھیلوں سے پیاراورانسانیت کی قدر کرنے والی قوم ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کا ون ڈے سیریز میں کلین سویپ بڑی خوش آئند بات ہے۔ ٹیم نے بڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اسے ماضی سمجھ کر اب ٹی ٹوئنٹی میچز میںکارکردگی کا گراف بلند رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ کرکٹ ہی کھلاڑیوں کی روٹی روزی ہے،کھیل میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کاایک طریقہ ہے کہ اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رہے۔مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کےلئے کرکٹرز کو صرف اپنی فٹنس اور پرفارمنس میں بہتری لانے کو ترجیح دینی چاہیے۔

شیئر: