Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مداح پُرجوش، کیا کرینہ کپور اور ریتک روشن نئی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے؟

کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ سنہ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی (فائل فوٹو: انڈین وُوگ)
بالی وُڈ کے مشہور فلم ساز کرن جوہر نے اپنی مقبول فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے 25 سال مکمل ہونے پر کرینہ کپور اور ریتک روشن کی ایک نئی ویڈیو شیئر کرکے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں فلم کا مشہور گانا ’یو آر مائی سونیا‘ پس منظر میں شامل کیا، جس میں کرینہ کپور اپنے مقبول کردار ’پُو‘ کے انداز میں لپ سٹک لگاتی، ہیلز اور سن گلاسز اٹھاتی دکھائی دیتی ہیں۔
دوسری جانب ریتک روشن بھی فلم میں اپنے کردار ’روہن رائےچند‘ کے انداز میں سیاہ جیکٹ پہنے نظر آئے۔ ویڈیو کے اختتام پر 19 نومبر 2026 کی تاریخ دکھائی گئی۔
کرن جوہر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’کچھ کہانیاں 25 سال بعد بھی ختم نہیں ہوتیں۔‘
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا اور کرینہ کپور اور ریتک روشن کو دوبارہ ایک ساتھ فلم میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم سے اب انتظار نہیں ہو رہا‘، جبکہ دوسرے صارف نے کہا کہ ’ہمیں ایک فلم دے دیں۔‘
ایک اور مداح نے تبصرہ کیا کہ ’کیا واقعی رتیک اور بیبو اتنے سال بعد دوبارہ ایک ساتھ سکرین پر نظر آنے والے ہیں؟‘
تاہم کچھ مداحوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ کسی فلم کے بجائے اشتہار کی تشہیری مہم بھی ہو سکتی ہے۔ کرن جوہر نے اپنی پوسٹ میں ایک آن لائن ہوم رینٹل مارکیٹ پلیس کو ٹیگ کیا ہے، جس سے ویڈیو کے کسی اشتہار سے منسلک ہونے کا امکان ظاہر ہوتا ہے۔
تاحال کرن جوہر یا متعلقہ کمپنی کی جانب سے اس ویڈیو کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے 25 سال

کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ سنہ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں امیتابھ بچن، جیا بچن، شاہ رخ خان، کاجول، ریتک روشن اور کرینہ کپور نے اہم کردار ادا کیے تھے۔
فلم کی کہانی ایک امیر خاندان کے گرد گھومتی ہے، جس میں گود لیے گئے بیٹے کی نسبتاً کم خوشحال گھرانے کی لڑکی سے محبت کے بعد خاندانی اختلافات پیدا ہو جاتے ہیں۔
فلم کی موسیقی جتن للت، سندیش شانڈیلیا اور آدیش شریواستو نے ترتیب دی تھی جبکہ اسے یش جوہر نے دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس کیا تھا۔

شیئر: