کویت اور بحرین نے ایرانی فضائی حملے ناکام بنا دیے، یمن میں حوثی اہداف پر اتحادی افواج کے حملے
کویت اور بحرین نے بدھ کی علی الصباح ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا، جبکہ یمن میں حوثی باغیوں کے 60 فوجی اہداف کو اتحادی افواج نے نشانہ بنایا۔
کویت کی فوج کے جنرل سٹاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے حملوں کو روکنے کے نتیجے میں پیدا ہو رہی ہیں۔ بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے بعد سے کویت ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔
ایرانی حملوں میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ، تیل صاف کرنے کے کارخانے اور شعیبہ پاور پلانٹ سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
گزشتہ ہفتے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے دفاع نے کویت میں متحدہ فوجی کمان کے لیے ایک جدید کمانڈ قائم کرنے اور اس کے لیے مناسب فوجی دستے مختص کرنے کی منظوری دی تھی۔
بحرین میں فضائی حملے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت
بحرین ڈیفنس فورس نے کہا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کیے گئے متعدد فضائی حملوں کو روک دیا ہے۔ فورس نے ان حملوں کا ذمہ دار تہران کو قرار دیا۔
اس سے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا گیا۔
وزارت نے رات تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر دوبارہ وارننگ جاری کی، تاہم 30 منٹ سے بھی کم وقت بعد بتایا کہ خطرہ ختم ہو گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق بحرین کی سول ڈیفنس ٹیموں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر سوق واقف میں ایک کثیر المنزلہ عمارت کو خالی کرایا اور وہاں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ایمبولینس سینٹر نے جائے وقوعہ پر ضروری اقدامات کیے، جبکہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ ہفتے ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فورسز نے بحرین میں امریکہ کے ایک ابتدائی انتباہی نظام کو نشانہ بنایا ہے، تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔
یمن میں حوثی باغیوں کے 60 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج نے بدھ کی علی الصباح اعلان کیا کہ اس نے ملک بھر میں حوثی باغیوں کے 60 فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ یہ حملے صنعاء، عمران، صعدہ اور حدیدہ میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔
اتحادی افواج کے مطابق ان حملوں میں زیرِ زمین بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر مشتمل سرنگوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ ڈرون تیار کرنے اور ذخیرہ کرنے والی ورکشاپس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔