صدر ٹرمپ اور امریکی حکام کے قتل کی سازش کیس میں پاکستانی شہری کو 27 سال قید کی سزا
صدر ٹرمپ اور امریکی حکام کے قتل کی سازش کیس میں پاکستانی شہری کو 27 سال قید کی سزا
بدھ 18 نومبر 2026 6:46
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ایک وفاقی عدالت نے پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 2024 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اہم امریکی سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی سازش کے جرم میں 27 سال سے زائد قید کی سزا سنائی ہے۔
استغاثہ کا الزام تھا کہ یہ منصوبہ ایران کی ایما پر تیار کیا گیا تھا۔
محکمہ انصاف نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو دہشت گردی کی بین الاقوامی سازش اور معاوضے کے عوض قتل کی کوشش کے الزام میں 330 ماہ قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نے امریکہ میں ایسے افراد بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی جو ٹرمپ اور دیگر سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کے منصوبے میں اس کی مدد کر سکتے تھے۔
یہ منصوبہ 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے ردعمل میں بنایا گیا تھا۔ اس وقت ٹرمپ اپنی پہلی صدارتی مدت پوری کر رہے تھے۔
وفاقی استغاثہ کے مطابق اس سازش کے ممکنہ اہداف میں اس وقت کے صدر جو بائیڈن اور نکی ہیلی بھی شامل تھیں، جنہوں نے 2024 میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے لیے ٹرمپ کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق مارچ میں ایک وفاقی جیوری نے آصف مرچنٹ کو امریکی سرزمین پر سیاسی شخصیات کے قتل کی منصوبہ بندی کے لیے امریکہ آنے کا مجرم قرار دیا تھا۔
نیویارک کے علاقے بروکلین میں اس مقدمے کی سماعت فروری کے آخر میں شروع ہوئی تھی، جو ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملے کا حکم دینے سے چند روز پہلے کی بات ہے۔ ان حملوں کے بعد ایران جنگ شروع ہوئی۔
آصف مرچنٹ کا مؤقف
دورانِ سماعت آصف مرچنٹ نے بیان دیا کہ وہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی سازش میں شامل تو ہوا تھا، لیکن اپنی مرضی سے نہیں بلکہ تہران میں اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ایسا کرنے پر مجبور تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی مخصوص شخص کو قتل کرنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا، تاہم تہران میں ہونے والی ملاقاتوں اور گفتگو کے دوران ان کے ایرانی رابطہ کار نے تین شخصیات کے نام لیے تھے۔
حملے سے پہلے منصوبہ ناکام بنا دیا گیا
Caption
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کسی حملے سے پہلے ہی اس منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔ آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں ایک شخص سے سازش میں مدد کے لیے رابطہ کیا، تاہم اس شخص نے حکام کو اطلاع دے دی اور خفیہ مخبر بن گیا۔
آصف مرچنٹ کو بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ انہوں نے اسی سال اپنے خلاف عائد الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا تھا۔
ایران نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ اس نے ٹرمپ یا دیگر امریکی حکام کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
دوسری جانب 28 فروری سے جاری امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایران کے متعدد اعلیٰ رہنما بھی شامل ہیں، جن میں اس وقت کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل تھے۔