یہودی خاندان کے اعتراضات کے بعد وین گوگ کی 18 کروڑ ڈالر مالیت کی پینٹنگ کی نیلامی کا معاہدہ طے
رپورٹ کے مطابق جرمن پبلشر سیموئیل فشر نے یہ پینٹنگ 1909 میں پیرس سے خریدی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
معروف مصور ونسنٹ وین گوگ کے ایک شاہکار کی ممکنہ طور پر ریکارڈ قیمت پر نیلامی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
نیلام گھر سوتھبیز کے مطابق پینٹنگ کے سابق جرمن مالک کے ورثا کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، جنہوں نے نازی دور میں اس کی فروخت پر اعتراض کیا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کے علاقے اوور سور اوآز میں 1890 میں بنائی گئی پینٹنگ ’شاتینیے آن فلور‘ (پھولوں سے لدے شاہ بلوط کے درخت) کی متوقع قیمت 18 کروڑ ڈالر ہے۔ اس قیمت پر فروخت ہونے کی صورت میں یہ وین گوگ کا نیا ریکارڈ ہوگا اور رواں سیزن میں نیلام ہونے والا اب تک کا مہنگا ترین فن پارہ بن جائے گا۔
جرمنی کے بااثر پبلشر سیموئل فشر نے یہ پینٹنگ 1909 میں پیرس سے خریدی تھی اور 1936 میں فروخت کر دی تھی۔ ان کے ورثا نے اس فروخت پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فشر خاندان نے نازی دور میں مالی نقصانات کے باعث یہ فن پارہ فروخت کیا تھا۔
’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق، فشر خاندان کے ورثا کے برلن میں مقیم وکیل گنار شنابیل نے سوتھبیز سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ثابت کرے کہ پینٹنگ اس وقت کی مارکیٹ قیمت پر فروخت ہوئی تھی اور خاندان نے سیاسی حالات سے قطع نظر اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سوتھبیز کے مطابق، بلکیرے آریتا خاندان نے 1975 میں یہ پینٹنگ حاصل کی تھی اور نصف صدی سے زیادہ عرصے سے اس کی ملکیت اسی خاندان کے پاس ہے۔
نیلام گھر نے منگل کو اعلان کیا کہ بلکیرے آریتا خاندان اور ہیڈوگ و سیموئل فشر کی تمام قانونی اولاد کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
سوتھبیز کے بیان کے مطابق، پینٹنگ کی نیلامی 18 نومبر کو طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔ اسے بلکیرے آریتا کلیکشن کے 12 شاہکار فن پاروں کی خصوصی شام کی نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔
سوتھبیز کے مطابق، فشر خاندان کے ورثا نے کہا ہے کہ وہ نیلام گھر اور بلکیرے آریتا خاندان کے ساتھ اعتماد اور منصفانہ انداز میں ہونے والے مذاکرات پر شکر گزار ہیں۔ ان کے بقول، اس معاہدے سے نازی دور میں فشر خاندان کے مصائب کو تسلیم کرنے اور اپنے خاندان کے لیے انصاف کی جدوجہد کرنے والی گیسیلا برمن فشر کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ملا ہے۔
