Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

” #بچت_کا_عالمی_دن: سعودی صارفین کی دلچسپ ٹویٹس

ٹویٹر پر” #بچت_کا_عالمی_دن “ آج کا سرگرم ہیچ ٹیگ رہاہے جس کی ورلڈ پوزیشن 20ویں نمبر پر رہی۔ سعودی صارفین نے یہ ہیچ ٹیگ بچت کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کرکے سوال کیاہے کہ ایک عام ملازم اپنی ماہانہ تنخواہ میں کتنی بچت کرتا ہے۔گوکہ ہیچ ٹیگ کی ورلڈ پوزیشن کافی پیچھے تھی تاہم سعودی ٹرینڈ میں یہ دن بھر تیسرے نمبر پر رہا۔
ایم اے شمری نامی صارف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچت کا مطلب مال ودولت کے انبار لگانا نہیں بلکہ یہ اخراجات کو کنٹرول کرنا ہے۔ بچت سے مراد یہ ہے کہ آدمی اپنی آمدنی میں سے کچھ حصہ پس پشت کرلے تاکہ زندگی کے کسی موڑ پر پیش آنے والے صدموں کو برداشت کیا جاسکے۔
ٹویٹر صارف سیف بن سلمان نے بڑی خوبصورت ٹویٹ کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچت کرنے کی عمر نوجوانی ہے۔ اگر آدمی اپنی عمر کے 40ویں سال سے پہلے بچت نہ کرسکا تو آگے اسے بڑی تکلیف ہوگی۔ انہوں نے ملازمت پیشہ نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ شادی اور بچوں کی ذمہ داریوں سے پہلے آدمی جتنی چاہے بچت کرسکتا ہے۔ بعد ازاں جب ذمہ داریاں بڑھ جائیں گی تو بچت ناممکن ہوگی۔
سعودی عرب کے معروف فٹبالر ماجد عبد اللہ نے دلچسپ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ آمدنی کے مقابلے میں اخراجات اتنے زیادہ ہیں کہ بچت کا تصور ہی ممکن نہیں۔
ہیچ ٹیگ کے تحت مختلف لوگوں نے بچت کے لئے مختلف تجاویز دی ہیں تاہم عبدہ عتودی نے خوبصورت لطیفہ ٹویٹ کیا ہے۔ عربوں میں یمن کے علاقہ حضرموت کے رہائشی کاروباری ہیں۔ ان کے بارے میںمعروف ہے کہ یہ لوگ بچت کرنا اور پیسہ بنانے کا فن جانتے ہیں۔ ان کی مثال برصغیر میں میمن برادری سے دی جاسکتی ہے۔ یہاں بڑی کمپنیوں کے مالک بھی حضرمی ہیں تاہم ان کی وضع قطع سے نہیں لگتا کہ یہ کھاتے پیتے اور کڑوڑوں میں کھیلنے والے لوگ ہیں۔ بچت کرنے کے لئے عبدہ عتوی کی تجویز ہے کہ کسی حضرمی سے دوستی کرلی جائے۔ 
 
 

شیئر: