اوباڑو... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اب کسی کو این آر او نہیں ملے گا ۔ کرپٹ افراد کو تحفظ دینے کے لئے کوئی قانون بنایا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے ۔ اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لوگوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم کرپٹ شخص کے قدموں میں لیٹے ہوئے ہیں۔ کرپشن پر قابو پانے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ نواز اور زرداری دونوں کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے۔ اتوار کو اوباڑو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں این آر او نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا۔ پر ویز مشرف نے زرداری اور نواز شریف کو این آر ا و دیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس غلط فہمی میں نہ رہنا کہ این آر او مل جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ زرداری نے سندھ میں19 شوگر ملوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ مریم نواز کے نام پر لندن میں فلیٹس ہیں۔ دبئی اور پیرس میں زرداری کے محلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے کہا کہ عمران کا سار ا خاندان شوکت خانم پر پل رہا ہے۔ انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کی طرح پیسے کا بھوکا نہیں ہوں۔انہوںنے سندھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 5سال آپ کو زرداری راج میں نہیں گزارنے دوں گا۔سندھ کے لوگوں کے بیدار ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں تمام گورنر ہاوس کو بند کراوں گا ۔کمزور طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے پالیسیاں بنائیں گے۔ساری پالیسیاں کمزور طبقات اور نوجوانوں کے لئے بنائیں گے۔