Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کرپشن کم ہے،احسن اقبال

پشاور...وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے دعوی کیا کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک سے کم کرپشن ہے۔ پیر کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمی سے پاکستان میں جمہوریت کو نہیں چلنے دیا جاتا۔ تسلسل قائم رہے تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا چند لوگ پاکستان میں مایوسی پھیلا رہے ہیں وہ پاکستانیوں سے خوداعتمادی چھیننا چاہتے ہیں لیکن عوام پہلے سے زیادہ پر امید اور پرجوش ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کی مثال ایسے جہاز کی طرح تھی جس کے تمام پارٹس ٹوٹ گئے تھے۔ 20، 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی تھی۔ کوئی دن نہیں گزرتا تھا جب ملک میں لاشیں نہ گرتی ہوں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں معیشت اورسیاسی استحکام کو سبوتاژ کیا گیا۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ٹیک آف کا موقع دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔آج دہشت گرد محصور اوریرغمال بن گئے ۔ پچھلے4 برسوں میں مختلف جرائم میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔ دریں اثناءایک بیان میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مردم شماری میںخیبر پختونخوا و بلوچستان کی نشستیں بڑھی ہیں جبکہ پنجاب کی کم ہو گئیں۔ آئندہ انتخابات نئے مردم شماری پر ہی کرانے ہوں گے۔ اگر پرانی مردم شماری پر انتخابات ہوئے تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔

شیئر: