Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ: حرمین شریفین نمائش صبح 8 سے رات 8 بجے تک دیکھ سکتے ہیں، انتظامیہ

مدینہ منورہ.... حرمین شریفین نمائش ان دنوں مدینہ منورہ میں منعقد ہورہی ہے اتوار سے لے کر جمعرات تک روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ بات نمائش کے انچارج فائز الفائز نے واس سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمائش کا اہتمام مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ نمائش میں عصر نبوت سے لے کر تاحال مسجد نبوی میں ہونے والی توسیع کی مرحلہ بہ مرحلہ کہانی ، تصاویر ، خاکوں اور طغروں کی زبانی پیش کی گئی ہے۔ مقامی شہری مقیم غیرملکی اور زائرین کو ایک توسیع کے بعد دوسری توسیع کی جملہ تفصیلات سے آگاہ کرنے والے خاکے سجائے گئے ہیں۔ نمائش مسجد نبوی شریف کے جنوبی حصہ میں لگائی گئی ہے۔ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں 50 سے زائد تصاویر، طغرے ، خاکے اور ماڈل ہیں ۔ بعض قلمی نسخے، مکاتیب رسالت ، قرآن پاک کے نادر نسخے نمائش کا حصہ ہیں۔ مدینہ منورہ سے متعلق اہم کتابیں بھی پیش کی گئی ہیں۔ ایک بند کمرے میں 20 منٹ تک تعارفی باتصویر پٹی دکھائی جاتی ہے۔ عہد رسالت میں مسجد نبوی کا رقبہ 35 بائی 30 میٹر تھا۔ زائرین کو متعدد کتابیں بھی تحفہ کے طور پر پیش کی جارہی ہیں۔ 1344 ھ سے لے کر 1433 ھ تک مسجد نبوی کے ائمہ پر ایک کتاب اور مسجد نبوی کی لائبریری کا تعارف کرانے والی کتاب بھی تقسیم کی جارہی ہے۔ پرائمری، مڈل ، ثانوی اسکولوں، تحفیظ قرآن کے مدارس اور سعودی جامعات کے طلبہ نمائش دیکھنے کیلئے آرہے ہیں۔ غیر ملکی اسکولوں کے ذمہ داران بھی پہلے سے رابطہ کرکے نمائش دیکھنے کی تفصیلات طے کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے فیول ٹینک بھروانے پر 2 سے 4 ریال تک کا اضافہ ہوگا

شیئر: