Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ: مانچسٹر یونائیٹڈ ناک آوٹ راونڈ میں

 
اولڈٹریفورڈ:چیمپیئنزلیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے میچوں میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے روسی کلب سی ایس کے اے ماسکو کو 1-2سے شکست دے کر ناک آوٹ راونڈ تک رسائی حاصل کرلی ۔جرمن کلب بائرن میونخ نے فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کو 1-3کے بڑے فرق سے ہراتے ہوئے اپنے گروپ میں دوسری پوزیشن پکی کر لی تاہم ہسپانوی کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ انگلینڈ کے کلب چیلسی کے ساتھ ایک ایک گول سے برابر کھیل کر لیگ سے باہر ہو گیا ہے ۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے کھلاڑیوں رومیلو لوکاکو اور مارکوس ریشفورڈ کے گولز کی بدولت روسی کلب کے خلاف فتح سمیٹی ۔ روسی کلب نے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں متنازعہ گول کی مدد سے برتری حاصل کرلی تھی ۔ گول کرنے والا روسی کھلاڑی بظاہرآف سائڈ تھا لیکن چیک نہیں کیا جاسکا۔دوسرے ہاف کے دوران لوکاکو نے گول کرکے میچ برابر کیا اور تقریباً2منٹ کے بعد ریشفورڈ نے دوسرا گول انگلش کلب کو برتری دلائی جس کے نتیجے میں میچ بھی مانچسٹر یونائیٹڈ کے نام رہا اور وہ لیگ کے ناک آوٹ راونڈ میں بھی پہنچ گیا ۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ:بڑی ٹیموں کے آسان راستے
ایک اور میچ کے دوران جرمن کلب بائرن میونخ نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کولیگ کے موجودہ سیزن میں پہلی شکست سے دوچار کردیا ۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ناک آوٹ راونڈ میں پہنچ چکی ہیں لیکن ان کے درمیان ہو نے والا ہر میچ اہمیت کا حامل ہو تا ہے ۔جرمن کلب کے لئے پولش کھلاڑی لیوانڈوسکی نے8ویں منٹ میں گول کے ذریعے برتری حاصل کی جسے ٹولیسو نے اپنے2گولز کے ذریعے مزید مستحکم کیا۔ پی ایس جی کا واحد گول کیلیان مباپے نے اسکور کیا۔4گول کے فرق سے کامیابی بائرن میونخ کو گروپ بی میں پہلی پوزیشن دلا سکتی تھی تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔چیلسی اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا میچ دلچسپ رہا تاہم کوئی ٹیم جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور دونوں کو ایک، ایک گول پر اکتفا کرنا پڑا۔ہسپانوی کلب کو اپنے ہی کھلاڑی کی جانب اپنے خلاف کئے جانے والے گول نے بھی نقصان پہنچایا اور اگر ایسا نہ ہوتا تو اس کی فتح یقینی ہو جاتی۔
 
 

شیئر: