Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کے اقدام سے مسلمان متحد ہونگے،عمران خان

 جڑانوالہ..تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاون پر طاہر القادری کے ساتھ پر سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چپ رہے تو ایسے واقعات بڑھتے جائیں گے۔ جڑانوالہ میں جمعہ کو جلسہ سے خطاب میں کہا کہ طاہر القادری، جب تک آپ کو انصاف نہیں ملے گا ہم کھڑے رہیں گے۔دونوں بھائیوں کو جیل میں پہنچانے تک ان کا مقابلہ کروں گا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے طاہرالقادری جو بھی کریں گے۔ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ شوباز شریف اب تک ڈرا مہ کرکے بچتے رہے ہیں۔ ہر فرعون کا وقت آتا ہے۔ اسے اپنے ظلم پر حساب دینا پڑتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا۔ پولیس کے ذریعے ماورائے عدالت قتل کے شہباز شریف پر پہلے بھی کیس ہیں۔ شریف برادران پیسہ چلاکر سب کچھ ٹھیک کرلیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ رانا ثنااللہ شکل سے بھی قاتل لگتا ہے۔وہ پنجابی فلموں میں ولن کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس نے پولیس کو عوام پر گولیاں چلانے کا حکم دیا، خود (ن) لیگ کے رہنما اور عابد شیر علی کے والد نے بھی الزام لگایا تھا کہ راناثنااللہ نے 18 افراد کو فیصل آباد میں قتل کرایا۔سب سے پہلے صوبائی وزیرقانون اور اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہازشریف کو جیل تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم جاگ چکی ہے۔ نوازشریف کا نظریہ کرپشن بھی سمجھ چکی ہے ہم یہ میچ پاکستان کو جیت کر دکھائیں گے۔ نوازشریف اس حقیقت کو سمجھ جائیں کہ ان کے مقابلے میں اب وہ شخص کھڑا ہے جسے خریدا نہیں جاسکتا۔عمران خان نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے ظلم پر دنیا چپ ہے۔ظلم کے باوجود عالمی طاقتوں کے چپ رہنے سے ثابت ہوگیا کہ اقوام متحدہ کمزور ملک کی مدد کرنے نہیں آتی۔اگر خدانخواستہ پاکستان پر بھی کسی نے قبضہ کرنے کی کوشش کی تو اقوام متحدہ مدد کو نہیں آئے گی۔ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمارے پاس طاقتور فوج ہے۔عمران خان نے کہاکہ اسرائیل کی کوشش تھی کہ فرقہ وارانہ اختلافات پیدا کرکے مسلم امہ کو آپس میں لڑایا۔ جائے میرا دل کہتاہے کہ ٹرمپ کے اس اقدام سے مسلمان دنیا متحد ہوجائے گی۔

شیئر: